سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس،قونصل جنرل مراد علی وزیر کا خطاب

بارسلونا(دوست نیوز)اصلاحی جماعت عالمی تنظیم العارفین بارسلونا کے مرزا عقیل احمدنے سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا۔کانفرنس سے صاحبزادہ سلطان احمد علی (سیکریٹری جنرل اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین) خصوصی خطاب کیا

سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت چوہدری محمد سمیع نے حاصل کی جبکہ ہدیہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم چوہدری محمد زبیر نے پیش کیا۔کانفرس کی صدارت قونصل جنرل مراد علی وزیر نے کی جبکہ نظامت کے فرائض حافظ عبدالرزاق صادق نے سر انجام دئیے

قونصل جنرل مراد علی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا ہم اکثر یہ سمجھتے ہیں کہ ترقی صرف علم یا ٹیکنالوجی سے آتی ہے، مگر دراصل ترقی نظم، احساسِ ذمہ داری، اور فطرت کے احترام سے پیدا ہوتی ہے۔آپ دیکھیں، غیر مسلم معاشرے جہاں قرآن یا حدیث کو نہیں مانتے، وہاں ماحول، نظام اور معاشرت میں وہ اصول اپنائے جا رہے ہیں جو اسلام نے صدیوں پہلے سکھائے۔وہ اپنے ملک میں درخت نہیں کاٹ سکتے، بغیر اجازت کسی جانور کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔جبکہ ہم، جو قرآن اور سنت کو ماننے والے ہیں، درختوں کی بے تحاشا کٹائی کر کے، فطرت کے نظام کو خود تباہ کر رہے ہیں۔

پھر جب سیلاب، گرمی، یا موسمی آفت آتی ہے تو ہم اسے اللہ کی سزا سمجھتے ہیں، حالانکہ حقیقت میں ہم یہ مصیبتیں اپنے ہی عمل سے نازل کر رہے ہیں۔
سوچنے کی بات یہ ہے کہ اچھا کون ہے؟ وہ جو نہیں مانتے مگر عمل کرتے ہیں، یا ہم جو مانتے ہیں مگر عمل نہیں کرتے؟میرے عزیز ساتھیو، میرا پیغام سادہ ہے:اگر ہم ایک حدیث پر بھی سچے دل سے عمل کر لیں تو ہماری زندگی بدل سکتی ہے۔

حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ زمین پر چلو پھرو، حرکت میں رہو، تمہیں صحت ملے گی، بیماریوں سے نجات ملے گی۔ہم میں سے کتنے لوگ روزانہ چلتے ہیں،ایکسرسائز کرتے ہیں؟اگر ہم صرف یہ سنت اپنا لیں تو نہ صرف ہماری صحت بلکہ ہمارا طرزِ زندگی بھی بہتر ہو جائے۔آپ ﷺ نے فرمایا کہ مجھے پیٹ نکلے لوگ پسند نہیں، یعنی سستی اور بے عملی پسند نہیں۔آئیے، ایک چھوٹی سی سنت سے آغاز کریں۔اپنے جسم کو متحرک رکھیں، زمین کی قدر کریں، فطرت سے جڑیں — یہی اسلام کا پیغام ہے۔یہی وہ طرزِ زندگی ہے جو دنیا میں کامیابی اور آخرت میں نجات کا ذریعہ بن سکتی ہے۔