پی ٹی آئی کا اعجاز سواتی کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعجاز سواتی کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کراچی سے سندھ اسمبلی کی نشست حلقہ پی ایس 88 ملیر سے کامیاب اعجاز سواتی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
اس پر پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ اعجاز خان سواتی کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ایسے لوٹوں کی شمولیت سے گریز کرنا چاہیے، جنہیں گھر سےکوئی ووٹ نہیں دیتا انہیں پی ٹی آئی کے ووٹوں نےجتوایا۔
واضح رہے کہ کراچی سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار نو منتخب رکن سندھ اسمبلی اعجاز سواتی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شامل ہوگئے۔
نو منتخب رکن سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ حلقے کے عوام، دوستوں اور ترقی خوشحالی کیلئے پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہا ہوں
امید ہے کہ پیپلز پارٹی حقیقی طور پر حلقے کی خوشحالی کے لیے کام کرے گی، غیر مشروط طور پر پیپلز پارٹی میں شامل ہورہا ہوں۔