یورپی یونین کی جانب سے 18 سالہ نوجوانوں کے لیے 40 ہزار مفت ٹرین سفری پاسز کا اعلان
Screenshot
برسلز (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)یورپی یونین نے 18 سال کے نوجوانوں کے لیے پورے یورپ میں ایک ماہ تک مفت ٹرین سفر کا موقع فراہم کرنے کے لیے 40 ہزار سفری پاسز (DiscoverEU) جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام شینجن معاہدے کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں میں یورپی اتحاد اور آزادانہ نقل و حرکت کا جذبہ فروغ پائے۔
دلچسپی رکھنے والے نوجوان یورپی یوتھ پورٹل (European Youth Portal) کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ منتخب امیدواروں کو ایک ماہ کے لیے پورے یورپ میں مفت سفر کا پاس فراہم کیا جائے گا، جسے وہ 1 مارچ 2026 سے 31 مئی 2027 کے دوران استعمال کر سکیں گے۔
گزشتہ ایڈیشن میں یورپی یونین نے اسپین کے 6,980 نوجوانوں کو مفت سفری پاسز جاری کیے تھے، جن کے لیے مجموعی طور پر 45,860 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
یہ منصوبہ نوجوانوں کو مختلف ممالک کی ثقافت، تاریخ اور ورثے سے روشناس کرانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ شرکاء اپنی مرضی سے سفر کا منصوبہ بنا سکتے ہیں یا پہلے سے طے شدہ روٹس سے رہنمائی لے سکتے ہیں۔ وہ زیادہ سے زیادہ پانچ دوستوں کے گروپ کی صورت میں بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
درخواست دہندگان کے لیے شرائط یہ ہیں:
- تاریخِ پیدائش 1 جنوری 2007 سے 31 دسمبر 2007 کے درمیان ہو۔
- شناختی کارڈ، پاسپورٹ یا رہائشی اجازت نامہ درست اور قابلِ استعمال ہو۔
- درخواست فارم مکمل پُر کرنے کے بعد اس کی شرائط و ضوابط سے اتفاق کرنا ضروری ہے۔
- امیدوار یورپی یونین کے رکن ملک یا Erasmus+ پروگرام سے وابستہ ممالک (آئس لینڈ، لیختن شتائن، مقدونیہ، ناروے، سربیا اور ترکی) کے شہری یا قانونی رہائشی ہوں۔
منتخب نوجوانوں کو DiscoverEU ڈسکاؤنٹ کارڈ بھی دیا جائے گا، جس کے ذریعے انہیں رہائش، ثقافتی تقریبات، کھیلوں، مقامی سفر اور دیگر سہولتوں پر رعایتیں ملیں گی۔
یہ اقدام یورپی کمیشن کی اس خواہش کا حصہ ہے کہ نوجوان نسل یورپ کو بہتر طور پر جانے، مختلف ثقافتوں سے جڑے، اور شینجن معاہدے کے تحت قائم آزادانہ نقل و حرکت کی قدر کو سمجھ سکیں