بچے کے قتل کیس میں گرفتار کزن بیان سے پھر گیا
کراچی میں 7 سال کے بچے آبان کے قتل کیس میں گرفتار اس کا کزن عدالت میں اعترافی بیان سے پھر گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں فیڈرل بی ایریا میں 7 سالہ آبان کے قتل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ملزم سفیان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
تفتیشی افسر کے مطابق مقدمے کے گواہ کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے گواہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے اقبال جرم کیا تھا تاہم ملزم اب عدالت میں اپنے بیان سے انکاری ہوگیا ہے۔
ملزم کی اصل عمر کے تعین کیلئے ٹیسٹس کی رپورٹس تاحال نہیں آئیں، ملزم کا نفسیاتی معالج سے معائنہ بھی کروانا ہے اور اب اس معائنے میں 8 سے 10 دن لگیں گے۔
ملزم سفیان کی عمر 16 سال ہے اور وہ آبان کا کزن تھا واقعے کا مقدمہ تھانہ یوسف پلازہ میں درج ہے۔
عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر کیس کا چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ فیڈرل بی ایریا میں 14 فروری کو 7 سالہ بچہ آبان شدید زخمی حالت میں ملا تھا جو اسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا تھا۔