فرحان سعید بینڈ چھوڑنے کے بعد عاطف اسلم بننا چاہتے تھے، گوہر ممتاز

—فائل فوٹوز 

پاکستانی میوزک بینڈ ’جل‘ کے سابقہ گلوکار و اداکار گوہر ممتاز نے انکشاف کیا ہے کہ فرحان سعید نے بینڈ ’جل‘ سے اس لیے علیحدگی اختیار کی تھی  کیوں کہ وہ عاطف اسلم بننا چاہتے تھے۔

معروف ٹی وی اداکار گوہر ممتاز نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیا ہے۔

اس دوران انہوں نے ماضی سے متعلق کچھ باتیں پہلی بار مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔

گوہر ممتاز نے اپنے معروف میوزیکل بینڈ ’جل‘ کے بننے سے لے کر ختم ہونے تک کے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ فرحان سعید نے عاطف اسلم کے مقابلے میں بہت محنت کی، وہ فرحان کو یہی بات سمجھاتے رہتے تھے کہ انہیں کہیں جانے کی ضرورت نہیں۔

گوہر ممتاز نے مزید بتایا کہ انہوں نے فرحان سعید کو جل بینڈ کے ساتھ جڑے رہنے کا مشورہ دیا تھا لیکن فرحان سعید نے اُن کی بات نہ مانی اور وہ بالی ووڈ جانے کے لیے بینڈ کو چھوڑ گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرحان سعید کی جانب سے ’جل‘ بینڈ چھوڑنا اُن کے لیے بہت تکلیف دہ وقت تھا، انہوں نے فرحان سعید کو سمجھایا بھی کہ عاطف اسلم کو صحیح گاڑی مل گئی ہے لیکن ہر کوئی ایسی قسمت والا نہیں ہوتا ہے۔

گوہر ممتاز نے انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ اُس وقت فرحان سعید کو عاطف اسلم بننا تھا، وہ بالی ووڈ جانا چاہتے تھے، بعد ازاں اُن کی کہی ہوئی باتیں سچ بھی ثابت ہوئیں کیوں کہ بالی ووڈ کے پاس اور بھی بہت بڑے گلوکار ہیں۔

اداکار کا پوڈ کاسٹ میں عاطف اسلم کو بالی ووڈ میں ملنے والی کامیابی پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عاطف اسلم بالی ووڈ میں ایک ایسے وقت میں گئے جب ان کی آواز کا جادو وہاں چل چکا تھا۔

گوہر ممتاز کا کہنا تھا کہ اُن کے خیال میں بھارت کے پاس اُس وقت بہت گلوکار تھے مگر فرحان سعید کی صحیح جگہ جل بینڈ ہی تھا۔

یاد رہے کہ جل بینڈ 2002 میں بنایا گیا تھا، عاطف اسلم اور فرحان سعید بھی پہلے ’جل‘ کا ہی حصہ تھے۔

عاطف اسلم کی جانب سے ’جل‘ چھوڑنے کے بعد فرحان سعید اس بینڈ کے مرکزی گلوکار رہے، بعد ازاں انہوں نے بھی بینڈ کو خیرباد کہہ کر تنہا گلوکاری شروع کر دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے