کالا جادو حقیقت ہے، یہ دنیا کی ہر ثقافت کا حصّہ ہے: اجے دیوگن

بھارتی اداکار اجے دیوگن ـــ فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار اجے دیوگن نے شوٹنگ کے دوران فلموں کے سیٹس پر غیر معمولی اور عجیب و غریب واقعات پیش آنے کا انکشاف کیا ہے۔

اجے دیوگن آج کل اپنی نئی ہارر فلم ’شیطان‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں، اس فلم میں اجے دیوگن کے ساتھ جیوتھیکا سراوانن اور آر مادھاون اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم کے ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ آر مادھاون پہلے اجے دیوگن اور جیوتھیکا سراوانن کے گھر میں پناہ لیتے ہیں اور اس کے بعد اپنی غیر معمولی شیطانی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ان کی بیٹی کو ہپنوٹائز کرکے گھر والوں کو خوفزدہ کرتے ہیں۔

اجے دیوگن نے اپنے ایک انٹرویو میں اس فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے فلموں کی شوٹنگ کے دوران بہت سارے مافوق الفطرت واقعات کا تجربہ کیا ہے پہلے ہم جب فلموں کی شوٹنگ کُھلی جگہوں پر کرتے تھے تو وہاں بہت سے غیر معمولی اور عجیب و غریب واقعات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

 اُنہوں نے بتایا کہ اپنے شوبز کیریئر کے پہلے 10سے 12 سالوں میں تو ہم نے ایسے بہت زیادہ واقعات دیکھے ہیں۔

بھارتی اداکار نے کہا کہ میں ایسے کافی تجربات سے گزرا ہوں اب ایسی چیزوں میں کتنی حقیقت ہے اس حوالے سے میرے پاس کوئی خاص علم نہیں ہے لیکن میں اپنی زندگی میں بہت کم ہی ایسے لوگوں سے ملا ہوں جو جنّات کی موجودگی یا پھر  ایسی شیطانی  اور جادوئی چیزوں پر یقین نہ رکھتے ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ اکثر جب ہم گھر سے نکلتے ہی بیمار پڑجائیں تو سب سے پہلی چیز جو ذہن میں آتی ہے وہ یہ ہے کہ یہ نظرِ بد ہے اور عقیدہ دنیا میں تقریباََ سب لوگوں کا ہے۔

اجے دیوگن نے کہا کہ میں ہارر فلم میں کام بھی اسی لیے کرنا چاہتا تھا کیونکہ کالا جادو ایک حقیقت ہے اور یہ ہر ثقافت میں پایا جاتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ  فلم’شیطان‘صرف میرے بارے میں نہیں ہے بلکہ جس انسان کا بھی خاندان اس طرح کے واقعات کا سامنا کرے گا اسے یہ احساس ہوگا کہ اس بارے میں آگاہی پیدا کرنا اس کی  ذمہ داری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے