وزارتیں لینے یا نہ لینے کی بات حتمی نہیں، فاروق ستار
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وزارتیں لینے یا نہ لینے کی بات ابھی حتمی نہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پی پی پی کا معاہدہ ہماری گفتگو پر حاوی ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی وزارتیں لینے یا نہ لینے کی بات حتمی نہیں، ہمیں لگتا ہے کہ ہمیں ابھی تھوڑا رک جانا چاہیے۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ امکان یہی ہے کہ ابھی ہم تھوڑا رکیں اور سوچیں گے، کسی کا بوجھ اٹھانے سے پہلے سوچنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو آپس میں باتیں طے کرنے کا موقع دیں گے، جن کے پاس حکومت سازی کےلیے نمبر پورے ہیں۔
فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے بغیر حکومت بنا اور چلا سکتے ہیں تو ضرور چلائیں، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کا اتفاق اسی پر تھا کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے دوران مسلم لیگ ن کے ساتھ ایک تعلق قائم ہوا، مسلم لیگ ن نے مردم شماری میں ایک ذمے دار کردار ادا کیا۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ہم مسلم لیگ ن کو حکومت بنانے کےلیے ووٹ دیں گے اور قانون سازی میں بھی تعاون فراہم کریں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ اس وقت وزارتیں اور دیگر عہدے ہمارے لیے اہمیت نہیں رکھتے، عوام کی دہلیز تک اختیارات کی منتقلی چاہتے ہیں۔