میڈرڈ (21 جولائی 2026): فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے پر اسپین میں ہونے والے جشن میں فوارہ گر پڑا 13 سالہ لڑکا ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ہسپانوی ٹیم کے فٹبال کا نیا عالمی چیمپئن بننے پر اسپین بھر میں شائقین فٹبال اور عوام کی جانب سے جشن منایا جا رہا ہے۔ ایسا ہی ایک جشن اس وقت ماتم میں بدل گیا جب فوارے کا ایک حصہ گرنے سے 13 سالہ لڑکا ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ اسپین کے مغربی صوبے سالامانکا کے شہر سیوداد روڈریگو میں پیش آیا، جہاں اپنی ٹیم کی فتح کا جشن منانے کے لیے سیکڑوں افراد شہر کے مرکزی آربول گورڈو فوارے کے اطراف جمع تھے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فوارے کا بالائی حصہ اچانک ٹوٹ کر نیچے گر گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
حادثے میں 13 سالہ لڑکا موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جب کہ کئی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فوارے پر بڑی تعداد میں افراد چڑھ گئے تھے جس کے باعث اس کا اوپری حصہ وزن برداشت نہ کر سکا اور گر گیا۔
واضح رہے کہ اسپین نے نیویارک، نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا کو اضافی وقت میں 0-1 سے شکست دے کر 2010 کے بعد دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
