درفشاں سلیم کو ’نیپوٹیزم‘ کی تشریح کرنا مہنگا پڑ گیا
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم کو ’نیپوٹیزم‘ (اقربا پروری) کی تشریح کرنا مہنگا پڑگیا۔
ان دنوں اداکارہ کے دو مختلف انٹرویوز کے مختصر ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہے ہیں جس میں اداکارہ اپنے شوبز کیرئیر کے آغاز اور نیپوٹیزم کے حوالے سے بات کر رہی ہیں۔
پہلا ویڈیو کلپ ماضی میں دیئے گئے ایک انٹرویو کا ہے جس میں اداکارہ نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے والد شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور پروڈکشن ہاؤس چلاتے ہیں۔ تاہم انہیں انڈسٹری میں مقبول اداکار کاشف محمود نے متعارف کروایا۔
انہوں نے والد کا نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ کاشف محمود ان کے والد کے بہترین دوست ہیں، جن کی مدد سے انہوں نے پہلی بار کراچی کے مختلف پروڈکشن ہاوسز میں آڈیشن دیا تھا، جس کے ایک ماہ بعد ہی مختلف ڈراموں میں کام کی پیشکش ہوئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ 2020 میں نشر ہونے والے ڈرامہ ’دلربا‘ میں چھوٹی بہن کے کردار سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور پھر یک بعد دیگر مختلف کرداروں کی آفرز آئی جن میں بیشتر مرکزی کردار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’دلربا‘ میں چھوٹی بہن کے کردار سے، نجی چینل کی جانب سے مرکزی کردار بھی آفر ہوا لیکن بعدازاں وہ کسی وجہ سے نہیں کر پائی۔
تاہم ان کا ایک اور ویڈیو کلپ بھی وائرل ہو رہا ہے جس میں اداکارہ دوران انٹرویو شوبز انڈسٹری میں بغیر کسی کی مدد انٹری دینے کے حوالے سے گفتگو کرتی ہیں اور ساتھ ہی نیپوٹیزم کی تعریف بھی بیان کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نیپوٹیزم پر یقین نہیں رکھتی، ہر کوئی اپنی اولاد کی مدد کرتا ہے پھر چاہے وہ ڈاکٹر ہو یا انجینئر، اسی طرح فنکار بھی کرتے ہیں۔
دوران انٹرویو درفشاں سلیم نے یہ تو تسلیم کیا کہ والد کی وجہ سے ان کے لیے انڈسٹری کے دروازے باآسانی کھل گئے، جو کسی باہر کے شخص کے لیے نہیں کھلتے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد میری اپنی محنت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں اقربا پروری کی وجہ سے یہاں ہوتی تو پہلے ڈرامے میں چھوٹی بہن کا کردار نہیں کرتی بلکہ مرکزی کردار آفر ہوتا۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کو ان کے مختلف بیانات کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ نیپوٹیزم یہ ہی ہوتا ہے کہ آپ کو پہلی سیڑھی چڑھا دی جاتی جو شوبز انڈسٹری میں نمایاں ہے جبکہ دیگر شعبوں میں ایسا کچھ حد تک ممکن ہے۔
صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ گوکہ پہلے ڈرامے میں انہیں چھوٹی بہن کا کردار ملا لیکن انہیں پہلے ہی ڈرامے میں بہت زیادہ اسکرین ٹائم دیا گیا اور وہ بھی ایک بڑے چینل پر جوکہ انڈسٹری کے باہر سے آنے والے شخص کے لیے ممکن نہیں ہوتا ہے۔