پاکستانی ڈرامے اتنے پاکستان میں پسند نہیں کئے جاتے جتنے بھارت میں کئے جاتے ہیں، بھارتی اداکارہ

بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس 17 سے شہرت پانے والی ماڈل و اداکارہ عائشہ خان پاکستانی ڈراموں اور فنکاروں کی دیوانی نکلیں۔

حال ہی میں عائشہ خان نے ایک انٹرویو میں پاکستانی ڈراموں اور پاکستانی کانٹینٹ کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کیا۔

ان کا اس انٹرویو سے مختصر کلپ سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے۔

مذکورہ ویڈیو کلپ میں انہوں نے پاکستانی اداکارہ اقراء عزیز کی خوبصورتی اور اداکاری کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے اور ان کے ڈرامہ سیریل ’سنو چندا‘ میں ان کی اور اداکارہ نادیہ افغان کی اداکاری کو خوب سراہا۔

میزبان نے سوال پوچھا کہ اگر پاکستان سے باہر کبھی کسی پاکستانی ڈرامے میں یا کسی پروجیکٹ میں اقراء کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو کیا کریں گی؟

میزبان کے سوال پر ہامی بھرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقرا عزیز کے ساتھ جب بھی اور جہاں بھی کام کرنے کا موقع ملا ضرور کروں گی۔

میزبان نے جب انہیں یاد دلایا کہ ایک تو وہ مسلمان ہیں اور دوسرا وہ پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں تو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ان کے گھر آجائیں گے۔

اس پر عائشہ خان نے کہا کہ کوئی بات نہیں، وہ صرف ڈراموں میں کام کرنے کی ہی بات تو کر رہی ہیں۔

اسی دوران عائشہ خان نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کا کانٹینٹ بہت اچھا ہوتا ہے، پاکستانی ڈرامے اتنے پاکستان میں نہیں پسند کئے جاتے جتنے ہمارے ملک (بھارت) میں پسند کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی ڈراموں کو بہت پیار دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی میزبان نے بھی اداکارہ سے اتفاق کیا اور اقراء عزیز کے ساتھ ڈرامے میں ان کی ساس کا کردار نبھانے والی اداکارہ نادیہ افغان کی بھی بے حد تعریف کی۔

واضح رہے کہ عائشہ خان بگ باس 17 میں بطور وائلڈ کارڈ آنے والی امیدوار تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے