شاہ رخ کا ’اڈلی رام چرن‘ کہنا مہنگا پڑگیا
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان چند روز قبل مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تقریب میں جام نگر میں انجوائے کرتےہوئے بڑے مسرور نظر آئے۔
اس موقع پر انہوں نے عامر خان اور سلمان خان کے ساتھ فلم آر آر آر کے گانے ناٹو ناٹو پر رقص بھی کیا جس سے مہمان بھی لطف اندوز ہوئے۔
تاہم اس موقع پر جو کچھ انہوں نے کیا وہ نہ صرف توہین آمیز تھا بلکہ اس سے یہ بھی پتہ چلا کہ ہندی فلم انڈسٹری ساؤتھ سے آنے والوں کے ساتھ تعصب ورثے میں رکھتی ہے۔
رقص کے دوران شاہ رخ نے تیلگو فلم اسٹار رام چرن (جو آر آر آر میں تھے) انہیں بھی اپنے ساتھ ڈانس کےلیے اسٹیج پر بلایا اور اس دوران انہوں نے تیلگو نہیں بلکہ تامل میں چند جملے کہے اور آخر میں ’اڈلی رام چرن‘ کہا۔
یہ لفظ جنوبی بھارت میں اچھے انداز میں نہیں لیا گیا اور شاہ رخ خان کو سوشل میڈیا پر کافی شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔
دراصل ہندی فلم انڈسٹری نے اپنے طور پر ایک دقیانوسی تصور بنا رکھا ہے جس میں ساؤتھ کی تمام ریاستوں جیسے کیرالا، کرناٹک، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور تامل ناڈو کو یکجا کرکے مدراسی بنا دیا ہے اور اس پر مذاق بنایا جاتا ہے۔