چوہدری امانت حسین مہر،چوہدری اشفاق باغانوالہ اور چوہدری شعیب ورک کیجانب سےوفاقی وزیرقانون چوہدری اعظم نذیر تارڑ،سید قمررضا شاہ کے اعزازمیں تقریب

Untitled-1

بارسلونا(دوست نیوز)معروف بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر،چوہدری اشفاق باغانوالہ اور چوہدری شعیب ورک کی جانب سے وفاقی وزیرقانون چوہدری اعظم نذیر تارڑ،سید قمررضا شاہ،چوہدری ساجد تارڑ،احسن بھون کے اعزاز میں چوہدری امانت حسین مہر کے دفتر میں دعوت کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں خصوصی طور پر سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد اور قونصل جنرل مراد علی وزیر نے شرکت کی ۔
مختصر تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجیداور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہوا۔تقریب کی نظامت چوہدری شہباز احمد کھٹانہ نے کی۔تقریب سے وفاقی وزیرقانون چوہدری اعظم نذیر تارڑ،سید قمررضا شاہ،چوہدری ساجد تارڑ، سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے مختصر خطاب کرتے ہوئے آپس کے اتحاد پر زور دیا اس موقع پر چوہدری امانت حسین مہر نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا ۔

چوہدری امانت حسین مہر نے اپنی پاکستانی بزنس کمیونٹی اور مجموعی کمیونٹی کی طرف سے مہمانانِ خصوصی کو دل کی گہرائی سے خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ گھر اب سید قمررضا شاہ کا بھی ہے، اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے یہ فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ کمیونٹی کے ساتھ تعلق اور محبت برقرار ہے۔احسن بھون اور چوہدری اعظم نذیر تارڑ کی آمد کو عزت اور فخر کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ آپ کی موجودگی کمیونٹی کے لیے حوصلہ افزا اور قابلِ ستائش ہے۔ سید قمررضا شاہ نے بھی کہا کہ یہ گھر سب کا اپنا ہے اور محبت و خلوص کے رشتے ہمیشہ قائم رہیں۔


مقررین نے زور دیا کہ اوورسیز کمیونٹی کو متحد رہنا چاہیے، نوجوان نسل پاکستان کے ساتھ جڑی رہے، اور بزنس کمیونٹی میں یکجہتی اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔ ڈاکٹر ظہور احمد کے ایمبیسی میں قیام اور تعاون کو بھی سراہا گیا، جس سے کمیونٹی کا اعتماد اور حوصلہ بڑھا ہے۔


وفاقی وزیر قانون چوہدری اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الحمدللہ یہاں ہماری ایمبیسی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ ڈاکٹر ظہور احمد اور مراد علی وزیر نے دل سے کام کیا، جس کے مثبت نتائج کمیونٹی تک پہنچے ہیں۔ مختلف مسائل دیکھنے اور سننے کے بعد، میں سمجھتا ہوں کہ واپسی پر باقاعدہ نوٹس تیار کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ فارن سیکرٹری اور فارن منسٹر کو درست امور اور رکاوٹیں بتایا جا سکیں، اور لوگوں کو سہولت اور رسائی ملے۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جڑا ہوا رشتہ اور مٹی کی محبت انسان کو ہر جگہ یاد رہتی ہے۔ دنیا میں جہاں بھی پاکستانی رہتے ہیں، وہ اپنی شناخت اور کمیونٹی کے ساتھ جڑے رہتے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی نوک جھونک یا اختلافات معمول کی بات ہیں، لیکن دل میں بڑی رنجشیں نہ ہوں، یہی کمیونٹی کی رونق اور تعلق کی اصل بنیاد ہے۔


انہوں نے بتایا کہ کاروباری سرگرمیوں میں منڈی، گجرات، وزیرآباد اور حافظ آباد کے افراد نمایاں ہیں، اور موجودہ کوششیں وزارتِ آئی ٹی اور خزانہ کے ساتھ مل کر ڈیجیٹل ایپس اور سروس سینٹرز کو آسان بنانے کی ہیں۔ وزیر قانون نے کمیونٹی سے درخواست کی کہ وہ فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس کے ساتھ رابطہ مضبوط کریں تاکہ اسلام آباد آفس اور یورپ میں کمیونٹی کے درمیان موثر تعلق قائم ہو۔
انہوں نے اختتام پر کہا کہ جب یہ سب مربوط ہو جاتا ہے تو مسائل کم اور ترقی آسان ہو جاتی ہے، اور امید ہے کہ مستقبل میں اس حوالے سے مزید پیش رفت ہو،


آخر میں میزبانوں اور بزنس کمیونٹی کے تمام افراد، میڈیا اور مہمانانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا گیا، اور کہا گیا کہ یہی تعلق اور آپس کی وابستگی ہماری ترقی اور کامیابی کی بنیاد ہے۔
میزبانوں اور پاکستانی بزنس مین کمیونٹی کی جانب سے پھولوں کے گلدستے پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا گیا ۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے