پی ٹی آئی کی سیاسی قوتوں سے مفاہمت کی خواہش
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سیاسی قوتوں کے درمیان مفاہمت کی خواہش ظاہر کردی۔
پارٹی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان دراڑ پڑنے کا انتظار نہیں کریں گے، اب ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی قوتوں کے درمیان مفاہمت ہو۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ان کا تعلق اب بھی وہیں کھڑا ہے جہاں نو مئی کی رات کو کھڑا تھا۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ انھوں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ سیاسی قوتوں سے بات نہیں ہوسکتی، مگر بات چیت کے ایجنڈے پر اختلاف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والی دھاندلی کا سب سے زیادہ فائدہ ایم کیو ایم کو ہوا، ایم کیو ایم کے امیدواروں نے چھ چھ اور دس دس ہزار ووٹ لیے اور انھیں سیٹیں دے دی گئیں، ان سے بات چیت ناممکن ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا، مسلم لیگ ن کہتی رہی ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کی وکٹم رہی ہے، اسے چاہیے کہ وہ بھی اس بات کا ادراک کر لے۔
شیر افضل مروت نے یہ بھی کہا کہ ایک پارٹی برسر اقتدار آکر دوسری کو تختۂ مشق بناتی ہے، اس عمل کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انتقام کے چکر میں بہت زیادتیاں ہوگئیں، پی ٹی آئی کی ڈیل صرف سیاسی قوتوں سے ہو سکتی ہے۔