یشمیٰ گِل دین سے دور کیوں ہوئی تھیں؟

اداکارہ یشمیٰ گِل ـــ فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یشمیٰ گِل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مایوسی کا شکار ہوکر دین سے دور ہوگئی تھیں۔

یشمیٰ گِل نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی دینِ اسلام کی طرف واپسی کے سفر کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میری زندگی میں بچپن سے ہی بہت مشکلات رہی ہیں اور میں ہمیشہ سے ہی اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ انسان جیسا کرتا ہے اس کے ساتھ ویسا ہی ہوتا ہے اگر اچھا کرو گے تو اچھا ہوگا برا کرو گے تو برا ہوگا۔

اداکارہ نے بتایا کہ میری زندگی میں جب مجھے میرے اچھے کاموں کا بھی برا نتیجہ ملتا رہا تو میں مایوس ہوگئی تھی اور سوچنے لگی تھی کہ اللّٰہ تعالیٰ میری مدد نہیں کر رہے اور مجھے یہ بھی لگنے لگا کہ اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ اگر انسان اچھے کام کرے گا تو انسان کے ساتھ اچھا ہوگا۔

اُنہوں نے بتایا کہ میری اس سوچ کا نتیجہ یہ نکلا کہ میں مذہب سے دور ہونا شروع ہوگئی لیکن پھر گزرتے وقت کے ساتھ مجھے آہستہ آہستہ احساس ہونے لگا کہ میں غلط تھی مجھے صبر سے کام لینا چاہیے تھا کیونکہ اللّٰہ انسان کی ہمیشہ بہتری چاہتے ہیں۔

یشمیٰ گِل نے بتایا کہ اللّٰہ جب انسان کو کسی برے وقت سے گزار رہے ہوتے ہیں تو وہ ہمیں زندگی کے بارے میں کچھ ضروری اسباق سکھانا چاہتے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں اب اپنی زندگی میں آنے والے ہر برے وقت کے لیے اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں کیونکہ میں نے اس وقت سے بہت کچھ سیکھا اور مجھے بہتر انسان بننے میں مدد ملی۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ مجھے جب یہ حقیقت سمجھ آئی تو میں دوبارہ مذہب کے قریب ہوگئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے