بالی ووڈ پر راج کرنیوالی 16 مشہور شخصیات جو اعلیٰ تعلیم یافتہ نہیں

فائل فوٹوز

بالی ووڈ پر راج کرنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ کچھ ستارے ایسے بھی ہیں جن کی تعلیم اسکول تک ہی محدود رہی۔

ان کم تعلیم یافتہ ستاروں کے اٹھنے بیٹھنے یا بول چال سے کبھی کوئی کمی نظر نہیں آئی کیونکہ اِن مہنگے ترین اسٹارز کی باقاعدہ ایک ٹیم ہوتی ہے جو اِنہیں ملنا جلنا اور بات چیت کرنا سکھاتی ہے۔

اس خاص رپورٹ میں ایسے 16 نامور ستاروں کی تفصیلات درج ہیں جن کی تعلیم نہایت کم ہے۔

رنبیر کپور

بالی ووڈ کے مشہور اداکار رنبیر کپور اپنی شکل و صورت اور انداز کی وجہ سے راتوں رات مشہور ہوئے اور چاکلیٹی ہیرو کہلانے لگے۔

رنبیر کپور گریجویٹ بھی نہیں ہیں، اُنہوں نے 10ویں جماعت میں 54 فیصد سے بھی کم نمبر حاصل کیے تھے، مزید پڑھائی میں دلچسپی نہ رکھنے کے سبب رنبیر کپور نے فلموں کی ہدایتکاری شروع کر دی تھی اور حادثاتی طور پر ہیرو بن گئے۔

عالیہ بھٹ

عالیہ بھٹ نے زیادہ تر فلموں میں کالج گرل کا رول کیا ہے مگر حقیقی زندگی میں کبھی انہوں نے کالج کی شکل تک نہیں دیکھی ہے۔

معروف ڈائریکٹر مہیش بھٹ کی بیٹی کا اداکاری کے میدان میں قدم رکھنا یقینی ہی تھا مگر چھوٹی سی عمر میں اس فلم نگری کا حصہ بن جانے کی امید خود عالیہ کو بھی نہیں تھی۔

ان کے ہائی اسکول سے فارغ ہوتے ہی کرن جوہر نےان کو فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ میں لیڈ رول کی پیشکش کر دی تھی، عالیہ نے کرن کو مایوس نہیں کیا اور پھر فلمی نگر میں ان کی مصروفیات بڑھتی چلی گئیں۔

اکشے کمار

اکشے کمار نے اسکول سے فارغ ہونے کے بعد کالج کا رُخ کیا تھا مگر چند ماہ بعد ہی اُنہوں نےکالج کو خیرباد کہہ دیا تھا، بعد ازاں مارشل آرٹس سیکھنے کے لیے وہ بنکاک چلے گئے۔

تعلیم سے انہیں کوئی دل چسپی نہیں تھی اور مارشل آرٹس ہی  اکشے کا پہلا عشق تھا، تائی کوانڈو میں بلیک بیلٹ لینے کے بعد وہ ہندوستان لوٹ آئے اور مارشل آرٹ سکھانے کا سلسلہ شروع کردیا۔

بعد ازاں انہیں ماڈلنگ کی آفر ہوئی اور بالآخر بولی وڈ میں ان کی انٹری ہوگئی، جہاں ان کی کام یابیوں کا سلسلہ آج بھی برقرار ہے۔

کترینہ کیف

کترینہ کیف نے اسکول کا منہ تک نہیں دیکھا ہے، کترینہ کو اسکول میں داخل نہیں کروایا جاسکا، اس کی وجہ یہ تھی کہ ان کے والدین ایک جگہ ٹکتے نہیں تھے اور ہر کچھ عرصے بعد ان کا شہر بدل جاتا تھا۔

کشمیری والد اور انگریز والدہ کی بیٹی نے اسکول کی تعلیم مختلف اساتذہ سمیت اپنی والدہ سے گھر پر ہی حاصل کی، بعد ازاں کالج جانے کی عمر میں اُنہوں نے ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھ دیا تھا۔

دیپیکا پڈوکون

بالی ووڈ کی ڈمپل گرل نے اپنی گریجویشن بھی مکمل نہیں کی ہے۔ 

ماؤنٹ کارمل، بنگلور سے اپنی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے لیے IGNOU میں داخلہ لیا لیکن ماڈلنگ اسائنمنٹس نے انہیں پڑھائی پر توجہ دینے کی اجازت ہی نہیں دی۔

سلمان خان

معروف اداکار سلمان خان نے اپنی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد باندرا کے سینٹ سٹینلاز ہائی اسکول میں داخلہ لیا تھا لیکن وہ کچھ ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنا کالج مکمل نہیں کر سکے۔

کاجول

بالی ووڈ کی سانولی سلونی پرکشش اداکارہ کاجول باصلاحیت ترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔

کاجول کی بالی ووڈ میں آمد فلم ’بے خودی‘ سے ہوئی تھی، اس وقت وہ صرف سولہ برس کی تھیں اور اسکول میں زیرِتعلیم تھیں، انہیں گرمیوں کی چھٹیوں میں اس فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع ملا تھا۔

کا جول اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھنا چاہتی تھیں جبکہ اُن کی خواہش تھی کہ وہ ہائی اسکول کے بعد کالج لائف کا بھی تجربہ کریں مگر یہ ہو نہ سکا اور ’بے خودی‘ کے بعد انہیںفلم ’بازیگر‘ میں اہم کردار نبھانے کی آفر آ گئی۔

پریانکا چوپڑا

اداکاری کے میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پریانکا چوپڑا تعلیم کے میدان میں گریجویشن تک مکمل نہیں کر سکیں۔

مس ورلڈ 2000ء کے مقابلے کی فاتح کو ماہر نفسیات بننے کا شوق تھا لیکن کئی فلموں کی پیشکشیں اور ماڈلنگ اسائنمنٹس کے سبب وہ اداکاری کے شعبت میں آ گئیں۔

عامر خان 

بالی ووڈ کے سپراسٹار اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اپنی کئی فلموں میں ناظرین کو حصول تعلیم کی ترغیب دے چکے ہیں مگر خود انہیں پڑھنے لکھنے کا شوق نہیں تھا۔

عامر خان کے والد طاہر حسین فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر تھے مگر انہوں نے بمشکل ہائی اسکول پاس کرنے کے بعد والدین سے صاف صاف کہہ دیا تھا کہ وہ تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ہیں اور انہیں مجبور نہ کیا جائے۔

والد اور والدہ کی سخت ڈانٹ کے باوجود انہوں نے کالج میں داخلہ نہیں لیا اور اداکار بننے کے خواب کو تعبیر دینے کے لیے ڈٹ گئے۔

سری دیوی

اس خوبصورت اداکارہ نے بطور چائلڈ آرٹسٹ بالی ووڈ کی گلیمرس دنیا میں قدم رکھا تھا، اس کے بعد سے انہوں کبھی پڑھائی میں دلچسپی نہیں لی اور کہا جاتا ہے کہ سری دیوی نے مشکل سے ہی اپنی 10ویں جماعت پاس کی تھی۔

کرشمہ کپور

جھیل جیسی دلکش آنکھوں کے لیے جانی جانے والی کرشمہ کپور نے بھی اپنی اسکول کی تعلیم مکمل نہیں کی، انہوں نے 16 سال کی کم عمری میں ہی بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے لیے اسکول چھوڑ دیا تھا۔

پراتیک ببر

معروف فلمی اداکار راج ببر کے بیٹے پراتیک ببر نے اپنی اسکول تعلیم نامور اے وی ایم باندرہ سے مکمل کی۔

بعد ازاں اپنی مزید تعلیم مکمل کرنے کے لیے وہ جئے ہند کالج چلے گئے لیکن چونکہ انہں ہمیشہ گلیمرس بالی ووڈ کی دنیا پسند تھی  اس لیے انہوں نے کبھی پڑھائی پر توجہ نہیں دی اور اعلیٰ تعلیم چھوڑ کر اداکاری میں آگئے۔

ایشوریہ رائے بچن

بی ٹاؤن کی یہ بیوٹی کوئین پڑھائی میں بالکل بھی دلچسپی نہیں رکھتی تھیں اور اپنے ٹیسٹ میں ہمیشہ اوسط نمبرز حاصل کرتی تھیں۔

ایشوریہ نے بھی اپنی مرضی سے کالج چھوڑا تھا، وہ جئے ہند کالج میں بمشکل ایک سال ہی گئیں، پھر انہیں ماڈلنگ کی بہت سی پیشکشیں موصول ہوئیں اور اِنہیں اپنی تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑ گئی۔

کرینہ کپور

کپور خاندان کی باصلاحیت چشم و چراغ کرینہ کپور نے صرف 20 سال کی عمر میں پہلی فلم میں کام کیا تھا۔ 

اس وقت وہ ممبئی کے مٹھی بائی کالج میں کامرس کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں مگر پہلی فلم کے بعد ہی وہ فلم انڈسٹری میں بے پناہ مصروف ہوگئیں جس کے باعث وہ اپنی تعلیم مکمل نہ کرسکیں۔

ارجن کپور 

بولی ووڈ کے نوجوان ہیروز میں سے ایک ارجن کپور تعلیمی میدان میں ہمیشہ سے کند ذہن تھے، ایک انٹرویو کے دوران ارجن نے کہا تھا کہ لکھنا پڑھنا انہیں ہمیشہ سے بُرا لگتا تھا، بڑی مشکل سے وہ کھینچ تان کر بارھویں کلاس تک پہنچے تھے مگر اس میں بھی فیل ہو گئے تھے۔

بعد ازاں انہوں نے اپنے والدین سے صاف صاف کہہ دیا تھا کہ اب وہ کسی صورت پڑھائی کی طرف نہیں آئیں گے۔

کنگنا رناوت 

بالی ووڈ کی بے باک اور منفرد اداکاری سے اپنا ایک الگ مقام بنانے والی کنگنا رناوت کوب چپن ہی سے پڑھنے کا بہت شوق تھا مگر ستم یہ ہوا کہ والدین انہیں ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے اور کنگنا کو سائنس کے مضامین سے چڑ تھی۔

انٹر میں کیمسٹری کے ماہانہ ٹیسٹ میں فیل ہونے کے بعد انہوں نے آگے پڑھنے سے انکار کر دیا جس پر ان کے والدین کنگنا سے کافی خفا بھی ہوئے

بعد ازاں وہ محض سولہ برس کی عمر میں دہلی چلی گئیں، بس پھر کنگنا نے بلندیوں کو یوں چھوا کہ وہ آج بولی ووڈ کی کوئن بن چکی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے