والد کو میرا شوبز انڈسٹری میں کام کرنا پسند نہیں: امر خان

اداکارہ امر خان ـــ فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ امر خان نے بتایا کہ والد کو ان کا شوبز انڈسٹری میں کام کرنا پسند نہیں ہے۔

امر خان نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے والدین کے درمیان طلاق کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میری والد سے چھٹیوں میں ملاقات ہوئی جب اُنہیں معلوم ہوا کہ میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے والی ہوں تو وہ مجھ سے خوش نہیں تھے۔

اداکارہ نے کہا کہ میرا اپنے والد کے ساتھ بہت رسمی تعلق تھا جب میں شوبز انڈسٹری کا حصّہ بننے جا رہی تھی تو اُنہوں نے مجھے ایک ای میل کی جس میں لکھا تھا کہ’آپ اپنی والدہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے شوبز انڈسٹری کا حصّہ بننے جا رہی ہیں اور میں نہیں چاہتا کہ آپ نادانستہ طور پر خاندان کے لیے شرمندگی کا باعث بنیں‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے والد کے ای میل کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ’میں اپنی والدہ یا آپ کے خاندان کو شرمندہ نہیں کروں گی‘۔

امر خان نے مزید بتایا کہ جب سے میں شوبز انڈسٹری کا حصّہ بنی ہوں والد اور میں نے کبھی ایک دوسرے سے بات نہیں کی اگرچہ میری والدہ نے بہت کوشش کی کہ میرے والد کے ساتھ میرے تعلقات ٹھیک ہوجائیں لیکن میں کسی طرح بھی اپنے دل میں والد کے لیے محبت اور گرمجوشی پیدا نہیں کر سکی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میرے والدین کی طلاق کے بعد میں نے اپنے والد کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزارا اور میں اپنی ماں کی اکلوتی اولاد ہوں جس نے لاہور کے ایک پنجابی خاندان میں پرورش پائی ہے۔

واضح رہے کہ امر خان سینئر اداکارہ فریحہ جبین کی بیٹی ہیں اور اُنہوں نے ڈرامہ سیریل بیلا پور کی ڈائن میں نیلوفر کے کردار میں اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے