پاکستان کا جنرل اسمبلی میں اسلاموفوبیا کیخلاف قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم
پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے اقدامات کی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ قرارداد پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے جنرل اسمبلی میں پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جنرل اسمبلی میں اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے اقدامات کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتا ہے۔
دفتر خارجہ نے بیان میں مزید کہا کہ جنرل اسمبلی نے مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک، دشمنی یا تشدد پر اکسانے کی مذمت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں کو قرآن پاک کی بےحرمتی کے بڑھتے واقعات، مساجد اور مزارات پر حملوں کا سامنا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں منفی دقیانوسی تصورات، نفرت اور تشدد کے واقعات میں اسلاموفوبیا ظاہر ہوتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اسلاموفوبیا سے نمٹنے کےلیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی تقرری کے مطالبے کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسلاموفوبیا کی لعنت سے نمٹنے کےلیے اپنی نوعیت کی یہ پہلی تقرری ہو گی، قرارداد ایسے وقت میں منظور ہوئی ہے جب مسلمانوں کےخلاف امتیازی سلوک کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔