عائشہ عمر کا سرجری کے بعد پہلا ویڈیو پیغام جاری
پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر نے میڈیکل سرجری کے بعد پہلا ویڈیو پیغام جاری کردیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اپنی سرجری کے پیچیدہ مراحل کے بارے میں بتایا اور یہ بھی بتایا کہ وہ 48 گھنٹوں کے بعد بھی چلنے اور بات کرنے میں بھی دشواری محسوس کر رہی ہیں۔
مذکورہ ویڈیو پیغام میں انہیں اسپتال کے بستر پر لیٹا ہوا دیکھا جاسکتا ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ڈاکٹر شاہ نے پیلوِک بون کے ایک حصے سے ہڈی کا کچھ حصہ ٹوٹی ہوئی کالر بون کی جگہ پر لگایا اور ٹائٹینیم پلیٹس بھی لگائی ہیں۔
ویڈیو کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ انہیں بات کرتے میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے جس پر انہوں نے مداحوں سے معذرت بھی طلب کی۔
عائشہ عمر نے اپنی صحت سے متعلق مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ 48 گھنٹے ہو گئے ہیں اور میں ابھی تک ٹھیک سے چل نہیں سکتی، کالر بون میں بہت تکلیف ہے لیکن ٹانگ کا درد برداشت نہیں ہورہا۔
انہوں نے بتایا کہ میں اپنی بائیں ٹانگ پر کوئی وزن نہیں ڈال سکتی کیونکہ اسی ٹانگ کی ہڈی کا چھوٹا حصہ نکالا گیا ہے، جس کے لیے ڈاکٹر نے ہتھوڑے کا استعمال کیا ہے اس لیے پیلوِک بون میں درد ناقابل برداشت ہے۔
اس ویڈیو کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ اس تکلیف کی حالت میں فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے بارے میں سوچ کر انہیں ہمت ملتی ہے۔
ویڈیو کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے ساتھی فنکاروں اور مداحوں نے اداکارہ کے لیے نیک تمناؤں کے اظہار کے ساتھ مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعائیں کی ہیں۔
یاد رہے کہ 15 مارچ کو عائشہ عمر نے بذریعہ انسٹاگرام آگاہ کیا تھا کہ 8 سال قبل ایک حادثے میں ان کی کالر بون ٹوٹ گئی تھی جس کی یکم رمضان کو سرجری کردی گئی ہے، صحت یاب ہونے تک وہ انڈسٹری سے وفقہ لے رہی ہیں۔