ڈرامہ سیریل ’اَن کہی‘ کی ایک قسط کیلئے شہناز شیخ کو کتنی رقم ملتی تھی ؟
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے بلاک بسٹر، تاریخی ڈراموں ’ان کہی‘ اور ’تنہائیاں‘ کی معروف اداکارہ شہناز شیخ جَلد ہی ٹی وی اسکرین پر ایک بار پھر سے نظر آنے والی ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں ’بی بی سی‘ کو انٹرویو دیا ہے۔
اس انٹرویو کے دوران انہوں نے جہاں ٹی وی اسکرین پر واپسی سے متعلق بات کی ہے وہیں انہوں نے اپنے نامور ڈراموں میں فی قسط ملنے والے معاوضے کے بارے میں بھی انکشاف کیا ہے۔
اداکارہ شہناز شیخ کا بتانا ہے کہ ’ان کہی‘ کی ایک قسط میں کام کرنے کے لیے اُنہیں 800 روپے بطور معاوضہ ملتا تھا، اُن کا بتانا تھا کہ کپڑے، آنا جانا، کھانا پینا اور اپنے باقی اخراجات اُنہیں خود اٹھانے ہوتے تھے۔
شہناز شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرامہ سیریل ’ان کہی‘ کے تین سال بعد جب انہوں نے ’تنہائیاں‘ میں کام کیا تو اُس دوران اُنہیں فی قسط 1000 روپے ملنے لگے اور یہ معاوضہ اے کلاس اداکاروں کے لیے مختص تھا۔
ٹی وی پر ’اَن کہی وِد دی شہناز شیخ‘ کے ذریعے واپسی سے متعلق بات کرتے ہوئے شہناز شیخ کا بتانا تھا کہ وہ خود تو نہیں چاہ رہی تھی مگر اُنہیں معروف ٹی وی میزبان عاصم ٹوانا نے مجبور کیا کہ وہ اس شو کے ذریعے ٹی و پر واپس آئیں۔
شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں خوبصورتی کے معیار کچھ اور تھے، اب ان میں بہت تبدیلیاں آ گئی ہیں، ہم اپنے دور میں ایسے دکھتے تھے جیسا کردار کو دکھنا چاہیے ہوتا تھا مگر اب اداکاراؤں میں یہ چیز نئی آ گئی ہے کہ وہ خود کیسی دکھ رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ڈراموں کو منتخب نہیں کیا جا سکتا تھا کیوں کہ ڈرامے بہت کم بنتے تھے، اب تو ڈرامہ شائقین کے پاس بہت لمبی فہرست ہے جو مرضی آئے دیکھیں۔
شہناز شیخ نے سوشل میڈیا اور موبائل سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ شکر ادا کرتی ہیں کہ اُن کے دور میں یہ سب نہیں تھا، آپ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ہم نے کیسے زندگی گزاری ہے، وہ بہت پرسکون اور آرام دہ زندگی تھی، ذہن میں یہ نہیں ہوتا تھا کہ کوئی ہماری ویڈیو بنا رہا ہے۔