رانی مکھرجی نے بچپن میں کبھی اپنی سالگرہ کیوں نہیں منائی؟

اداکارہ رانی مکھرجی ـــ فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے بچپن میں کبھی اپنی سالگرہ نہیں منائی۔

رانی مکھرجی نے اپنی 46 ویں سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی سالگرہ منانا بہت پسند ہے لیکن ہمیشہ میری سالگرہ کے دوران اسکول کے سالانہ امتحانات آجاتے تھے جس کی وجہ سے میری والدہ مجھے سالگرہ نہیں منانے دیتی تھیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں اپنی سالگرہ کے دن بہت دُکھی ہوتی تھی کیونکہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ سالگرہ منانے کے بجائے اپنی کتابیں لے کر امتحانات کی تیاری کر رہی ہوتی تھی۔

بھارتی اداکارہ نے بتایا کہ میری والدہ میری اُداسی دور کرنے کے لیے مجھے چاکلیٹس دیتی تھیں تاکہ میں اپنی کلاس کے تمام دوستوں کو وہ چاکلیٹ دے کر اپنی سالگرہ کی تھوڑی سی خوشی منا سکوں۔

اُنہوں نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ اب میں اپنی بیٹی ادیرا کی سالگرہ بہت پیار سے مناتی ہوں، مجھے اپنی سالگرہ سے جو توقعات تھیں وہ میں اب بیٹی کی سالگرہ پر پورا کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اب مجھے اپنی سالگرہ سادگی سے منانے میں زیادہ خوشی ہوتی ہے، میں اپنی بیٹی، شوہر، ماں اور اپنے چند قریبی دوستوں کے ساتھ سالگرہ مناتی ہوں۔

واضح رہے کہ رانی مکھرجی نے 2014ء میں یش چوپڑا کے بیٹے ادیتیہ چوپڑا سے شادی کی تھی اور سال 2015ء میں اس جوڑی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام ادیرا چوپڑا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے