ایسا وقت بھی آیا جب گھر کی ہر چیز بیچنا پڑی، رندیپ ہودا
بالی ووڈ اداکار رندیپ ہودا نے اپنے کیریئر کے دوران پیش آنے والی اپنی مشکلات اور مختلف مراحل پر مبنی اپنے فلمی سفر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تو ایسا بھی آیا کہ مجھے اپنے گھر میں موجود ہر چیز فروخت کرنا پڑی۔
ہریانہ کے علاقے روہتک میں پیدا ہونے والے 47 سالہ رندیپ ہودا نے اداکاری کے بعد اپنی ہدایتکاری کا ڈیبیو اپنی پہلی ہوم پروڈکشن فلم سواتنترا ویر سوارکر سے کیا۔
انھوں نے بتایا کہ انکے فلمی کیریئر کو اب 23 برس ہوگئے ہیں لیکن ان میں سے 11 برس میں آؤٹ رہا اور اس میں تو کبھی ایک ایک برس تک سیٹ پر موجود نہیں رہا جس کی وجہ سے جیب بالکل خالی ہوجاتی تھی۔
واضح رہے کہ انکی یہ فلم آج ہی ریلیز ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے ساتھ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکا کہنا تھا کہ میرا دل اس وقت ٹوٹ گیا تھا جب فلم ’دی بیٹل آف سارہ گڑھی‘ کو ملتوی کر دیا گیا تھا، رندیپ کے مطابق انہوں نے فلم کے لیے تین برس تک سکھوں کے انداز میں ڈاڑھی بڑھائی تھی۔
کئی ہٹ ہونے والی انڈر ورلڈ اور گینگسٹر فلموں میں شاندار پرفارم کرنے والے رندیپ نے دوران انٹرویو اپنے شدید مالی مسائل کا بھی تذکرہ کیا اور بتایا کہ جب انکے پاس کوئی کام نہیں تھا تو انہیں خاصی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔