ننھے شبھ دیپ سنگھ نے ٹائمز اسکوائر پر جگہ حاصل کر لی

بھارتی آنجہانی معروف پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ المعروف سدھو موسے والا کے ننھے بھائی کی تصویر نے نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر جگہ حاصل کر لی۔

سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے اپنے نومولود کا نام دو برس قبل قتل ہونے والے اپنے بڑے بیٹے آنجہانی پنجابی گلوکار شبھ دیپ کے نام پر رکھا ہے۔

حال ہی میں ننھے شبھ دیپ کی پیدائش پر سدھو موسے والا کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نیویارک کے ٹائمز اسکوائر کے ڈیجیٹل بل بورڈ پر ننھے شبھ دیپ کی اپنے والد بلکور سنگھ کے ہمراہ تصاویر آویزاں کردی گئی ہے۔

نیویارک کے ٹائمز اسکوائر کے ڈیجیٹل بل بورڈ پر آویزاں ہونے والئی تصاویر میں آنجہانی پنجابی گلوکار کے بچپن کی تصویر کو بھی ننھے نوزائدہ کی تصاویر کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر اپنے پسندیدہ آنجہانی گلوکار اور اس کے ننھے نوزائدہ بھائی کی تصاویر دیکھ کر گلوکار کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں بلکور سنگھ اور اِن کی بیوی چرن کور نے اپنے اکلوتے بیٹے سدھو موسے والا کو کھونے کے تقریباً دو سال بعد 17 مارچ کو اپنے دوسرے بیٹے کو خوش آمدید کہا ہے۔

سدھو موسے والا کے والدین نے اپنے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش کے لیے آئی وی ایف (ان وٹرو فرٹیلائزیشن) کا سہارا لیا ہے۔

آنجہانی گلوکار کے قتل کا پسِ منظر:

پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022ء کو پنجاب کے ضلع مانسا میں حملہ آوروں نے قتل کر دیا تھا، وہ اُس وقت 28 سال کے تھے۔

2022ء میں ہی انہوں نے مانسا سے کانگریس کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا لیکن ناکام رہے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے