وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیانات بہتر محسوس نہیں ہوتے، ناصر شاہ
وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیانات بہتر محسوس نہیں ہوتے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں غریب عوام کو سہولتیں دینا چاہتے ہیں، وقت کی ضرورت ہے کہ ہم سب کو مل کر چلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں مشکل فیصلے لینے پڑیں گے، کوشش ہے جلد عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے چنگل سے نکلا جاسکے۔
صوبائی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہلی کی وجہ سے آج حکومت کو آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننا پڑ رہی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیانات بہتر محسوس نہیں ہوتے۔
ناصر شاہ نے یہ بھی کہا کہ علی امین گنڈا پور کی بطور وزیر اعلیٰ وزیراعظم سے ملاقات اور ایس آئی ایف سی کے اجلاس میں شرکت خوش آئند ہے اور امید ہے کہ علی امین گنڈا پور بطور وزیر اعلیٰ اپنے صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سب کو ساتھ مل کر چلنا وقت کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ وہ مہنگائی کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ ریلیف دے، جو سرکاری نرخ مقرر ہوں وہ آویزاں ہونے چاہئیں۔