آئی ایم ایف نے ہمارے خط پر جواب دیا ہے، مزمل اسلم
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مزمل اسلم نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے ہمارے خط پر جواب دیا ہے، آئی ایم ایف نے لکھا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات پر مداخلت نہیں کرتے۔
اسلام آباد میں رؤف حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزمل اسلم نے کہا کہ آئی ایم ایف نے لکھا کہ پاکستان کو انتخابات سے متعلق خدشات کو دور کرنا چاہیے، آئی ایم ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹر پاکستان آئے اور پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے جو جواب دیا اس پر ہمیں اطمینان ہوا ہے، آئی ایم ایف پروگرام کامیاب بنانے میں تمام اداروں نے کام کیا، آئی ایم ایف 30 مارچ تک ان تمام معاملات کا جائزہ لے گا۔
مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف اپنی اگلے میٹنگ میں مزید ٹیکس لگانے کا کہہ سکتا ہے، آئی ایم ایف معاہدے سے مہنگائی اپنے ٹارگٹ سے زیادہ رہے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا 5 سالہ پروگرام لیں گے، وزیر خزانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ 5 سال کا پروگرام ہوتا ہے، پیٹرولیم لیوی 100 روپے لیٹر کرنے کی ڈیمانڈ کی جا رہی ہے، بجلی کی قیمت بڑھانے کا کہا جا رہا ہے، اوگرا نے گیس کی قیمت 175 فیصد بڑھانے کا کہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر عالمی پریشر آرہا ہے، گردشی قرضے سے متعلق نیا آئی ایم ایف پروگرام خوفناک ہے، یہ پروگرام پورے پاکستان کو ساتھ ملا کر ہی پورا کیا جاسکتا ہے، اس پروگرام میں صوبوں کو بھی مشاورت میں لینا ہو گا، این ایف سی کو چھیڑا گیا تو مسائل پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا کہ الیکشن سے قبل یورپی یونین کا وفد پاکستان آیا تھا، پاکستان میں انتخابات کا جائزہ لیا، پی ٹی آئی نے یورپی یونین وفد سے پوچھا کہ کیا وہ رپورٹ بنانے کے بعد پبلک کریں گے، ای یو نے حکومت پاکستان کو رپورٹ دینے کا فیصلہ کیا اور الیکشن کمیشن کو دی گئی۔
رؤف حسن کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کی رپورٹ انتہائی حساس اور اہم ہے، یورپی یونین نے کنفرم کیا ہے کہ رپورٹ پاکستان کو دے دی ہے، انتخابات کے متعلق یورپی یونین کی رپورٹ کو پبلک کیا جانا چاہیے۔