بارسلونا کے سابق فٹبالر دانی الویز 1 ملین یورو کی ضمانت پر رہا
بارسلونا:بارسلونا کے سابق فٹبالر دانی الویز کو 1 ملین یورو کی ضمانت کی ادائیگی کے بعد جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ برازیلین اپنے وکیل کے ساتھ پیر کی شام 4.30 بجے بارسلونا کے قریب برائنز 2 جیل سے باہر نکل آیا
بارسا کے سابق کھلاڑی کو عصمت دری کیس میں 14 ماہ کی احتیاطی حراست میں رہنے کے بعد عارضی طور پر رہا کر دیا گیا۔
الویز نے 2022 میں بارسلونا کے ایک نائٹ کلب میں ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کے الزام میں اپنی ساڑھے چار سال کی سزا کا صرف ایک چوتھائی حصہ ہی پورا کیا ہے، لیکن عدالت نے اسے رہا کرنے پر رضامندی ظاہر کی جب کہ اس کی اور متاثرہ لڑکی دونوں کی اپیلیں نمٹا دی گئیں۔
ادائیگی کے علاوہ الویز کو اپنے برازیلی اور ہسپانوی دونوں پاسپورٹ بھی حوالے کرنا ہوں گے اور اسے اسپین چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی جب تک کہ اس کی سزا حتمی نہ ہو۔فٹبالر کو بھی ہر ہفتے عدالت میں پیش ہونا ہوگا اور اسے حکم دیا گیا ہے کہ وہ متاثرہ کے گھر اور کام سے ایک کلومیٹر دور رہے اور اس سے کسی بھی طرح سے رابطہ نہ کرے۔
اگرچہ بدھ کو ضمانت منظور ہوئی لیکن الویز جمعہ تک رقم جمع نہ کراسکے جس کی وجہ سے اتوار کی شام تک جیل میں رہے۔اسپین میں کسی کو احتیاطی حراست میں رکھنے کی صرف تین وجوہات ہیں: دوبارہ جرم کرنے کا خطرہ، ثبوت کو تباہ کرنے کا خطرہ، اور فرار ہونے کا خطرہ۔