آرنلڈ شوارزنیگر نے اپنے سینے پر لگا پیس میکر دکھا دیا
ہالی ووڈ کے مشہور زمانہ سینئر اداکار اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شوارزنیگر نے ایک نئی لیکن پر مزاح تصویر میں اپنے سینے پر لگے پیس میکر دکھانے کے ساتھ اپنے ایکشن کامیڈی شو سیریز فوبر سیزن ٹو کے بارے میں بھی بتایا۔
اس موقع پر انہوں نے سوشل میڈیا ایپ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی صحت کے حوالے سے بھی آگہی فراہم کی کیونکہ ان کے پرستار اس سلسلے میں کافی پریشان تھے۔ اپنے گھر کی ایک کرسی پر بیٹھے آرنلڈ شوارزنیگر کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں اپنی صحت کے بارے میں پرستاروں کی تشویش دور کریں۔
انہوں نے کہا وہ بالکل تندرست اور فٹ ہیں، 76 سالہ آرنلڈ شوارزنیگر کے مطابق گزشتہ پیر کو پیس میکر لگانے کے لیے انکی سرجری کی گئی۔
ہالی ووڈ اسٹار کے مطابق اپنی صحت کے بارے میں عوامی سطح پر گفتگو آسٹریا کی روایات کے خلاف ہے جہاں میری پرورش ہوئی، لیکن میں پھر بھی اس حوالے سے شفافیت چاہتا ہوں۔ انہوں نے اپنا پیس میکر نکال کر بھی دکھایا۔
یاد رہے کہ آرنلڈ شوارزنیگر نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور باڈی بلڈر کیا جس کے بعد وہ اداکاری کی طرف آئے اور کئی مقبول فلمیں کیں، جن میں ٹرمینیٹر سیریز بھی شامل ہے۔ بعد ازاں وہ گورنر کیلیفورنیا منتخب ہوئے۔