Screenshot
اسپین کی آبادی 2026 کے دوسرے سہ ماہی میں 104,178 افراد کے اضافے کے بعد بڑھ کر 49,801,559 ہو گئی ہے، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ یہ اعداد و شمار قومی ادارہ شماریات (INE) کی تازہ رپورٹ میں جاری کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، اسپین میں رہنے والے 10,291,807 افراد ایسے ہیں جو ملک سے باہر پیدا ہوئے، اور یہ مجموعی آبادی کا 20.66 فیصد بنتے ہیں۔
آبادی میں یہ اضافہ بنیادی طور پر بیرونِ ملک پیدا ہونے والے افراد کی آمد کی وجہ سے ہوا ہے، جبکہ اسپین میں پیدا ہونے والے افراد کی تعداد میں 20,367 کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
گزشتہ ایک سال میں مجموعی آبادی میں 444,205 افراد کا اضافہ ہوا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بیرونِ ملک پیدا ہونے والے افراد میں سے 3,370,854 کو ہسپانوی شہریت حاصل ہو چکی ہے، جس کے باعث ان کی تعداد غیر ملکی شہریوں (7,437,543) سے زیادہ ہو گئی ہے۔
دوسرے سہ ماہی میں سب سے زیادہ آنے والے تارکینِ وطن میں کولمبیا (34,000)، وینزویلا (23,300) اور مراکش (21,100) شامل ہیں۔ جبکہ اسپین چھوڑنے والوں میں بھی انہی ممالک کے شہری نمایاں رہے، جن میں کولمبیا (11,500)، مراکش (10,900) اور وینزویلا (5,900) شامل ہیں۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بھی آبادی میں اضافہ دیکھا گیا۔ سب سے زیادہ اضافہ والنسیا (0.43 فیصد)، بیلیئرک جزائر (0.36 فیصد) اور آستوریاس (0.29 فیصد) میں ریکارڈ کیا گیا۔ کاتالونیا میں آبادی میں 0.27 فیصد اضافہ ہوا، جو قومی اوسط (0.21 فیصد) سے زیادہ ہے۔
اس کے برعکس، کینیری جزائر (0.03 فیصد)، ایکستریمادورا (0.05 فیصد) اور لا ریوخا (0.09 فیصد) میں آبادی کا اضافہ سب سے کم رہا۔
مزید برآں، یکم جولائی 2026 تک اسپین میں گھروں کی تعداد 19,874,860 ہو گئی، جو کہ دوسرے سہ ماہی میں 58,794 کے اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
