علی ظفر عطاء اللّٰہ عیسیٰ خیلوی کے ساتھ گانا ریلیز کریں گے

فوٹوز بشکریہ انسٹاگرام 

پاکستانی معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے اپنے مداحوں کے لیے چاند رات کا تحفہ تیار کر لیا ہے جس سے متعلق انہوں نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے۔

گلوکار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دو ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں انہوں نے بتایا ہے کہ بلوچی، پشتو اور سندھی زبان کے بعد اب اُن کا نیا آنے والا شاہکار، گانا سرائیکی زبان میں ہوگا۔

علی ظفر نے اپنے نئے آنے والے سرائیکی گانے ’بالو بتیاں‘ کا ٹیزر بھی شیئر کیا ہے جس میں اُن کے ساتھ پاکستان کے لیجنڈ، معروف پاکستانی موسیقار عطاء اللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ پوسٹ علی ظفر اور عطاء اللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی کے بیٹے، برطانوی پاکستانی ویژیل ایفیکٹس سپروائزر، ساؤنڈ ڈیزائنر، گلوکار، موسیقار اور نغمہ نگار سانول عیسیٰ خیلوی نے مشترکہ طور پر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

علی ظفر کی اس پوسٹ کے کمنٹ باکس میں اُن کے اور عطاء اللّٰہ عیسیٰ خیلوی کے مداح نہایت پرجوش نظر آ رہے ہیں۔

گلوکار علی ظفر نے اپنی اس پوسٹ کے کیپشن میں عطاء اللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی کو سرائیکی زبان کا لیجنڈ موسیقار بھی قرار دیا ہے۔

علی ظفر نے عطاء اللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ان کے سوا کون ہو سکتا ہے جو سرائیکی میں گانا گا کر خوبصورت سرائیکی ثقافت اور شاعری کو دنیا کے سامنے پیش کرے۔‘

علی ظفر نے عطاء اللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی کے کام کو سراہتے ہوئے مزید لکھا ہے کہ ’اِنہوں نے سات زبانوں میں 50 ہزار سے زیادہ گانے ریکارڈ کیے ہیں اور سب سے زیادہ آڈیو البمز ریلیز کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے ، یہ ریکارڈ 1994 میں قائم کیا گیا تھا۔‘

علی ظفر نے اپنی طویل پوسٹ کے آخر میں مزید لکھا کہ ’میرا پہلا سرائیکی گانا ’بالو بتیاں‘ اس چاند رات کو ریلیز کیا جائے گا۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے