فضا علی خواتین کے مکھیوں سے موازنے پر عدنان صدیقی پر برس پڑیں

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ماڈل، اداکارہ و میزبان فضا علی خواتین کے مکھیوں سے موازنے پر عدنان صدیقی پر برس پڑیں۔

حال ہی میں انہوں نے نجی ٹی وی چینل پر اپنے شو کی میزبانی کرتے ہوئے عدنان صدیقی کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور ان سے معافی کا مطالبہ کر دیا۔

فضا علی نے اپنے شو کے دوران کہا کہ گو کہ یہ بات ماہِ رمضان میں ہوئی تھی لیکن میں اس وقت یہ بات کرنا نہیں چاہتی تھی لیکن چونکہ کسی نے سوائے ناراضگی کے، اس حوالے سے کوئی ایکشن نہیں لیا اس لیے میں بحیثیت خاتون اس پر بات ضرور کروں گی، خاموش نہیں رہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوران انٹرنیشنل ٹی وی چینل پر ایک پروگرام میں مایاناز اداکار عدنان صدیقی نے خواتین کو مکھی کہا اور اس کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر خواب وائرل ہے جسے دنیا بھر میں ہر کسی نے دیکھا ہے۔

اداکارہ نے کہا ہمارے یہاں منفی باتوں کو وائرل کر دیا جاتا ہے لیکن مثبت پہلو کو اجاگر نہیں کیا جاتا، اب یہ منفی بات وائرل ہو گئی ہے لیکن نامور فنکار اس حوالے سے خاموش رہے، میں خاتون ہونے کی حیثیت سے عدنان صدیقی کو یہ کہوں گی کہ آپ جتنے بڑے اداکار ہیں اور ایک انٹرنیشنل چینل پر بیٹھے تھے تو کوئی بھی بات کرنے سے پہلے سوچنا سمجھنا چاہیے تھا کہ آپ کیا کہہ رہے ہیں، آپ کو بڑا آدمی بننا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ آپ (عدنان صدیقی) نے بڑے پن کا مظاہرہ نہیں کیا اور ایک عورت کے سامنے ہی خواتین کو مکھی کہہ دیا۔

انہوں نے عدنان صدیقی سے سوال کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ نے خواتین کے لیے مکھی کا لفظ تو استعمال کر لیا لیکن کیا آ پ نے اپنی بہن اور والدہ کو بھی اسی نظر سے دیکھتے ہیں؟ کیا آپ اپنی بیٹی کے لیے بھی یہی کہیں گے کہ میری بیٹی مکھی جیسی ہے یا پھر آپ کو یہ اچھا لگے کا کہ کوئی مرد آپ کی بیٹی اور بہن کو بھی مکھی کہے کہ یہ تو مکھی ہیں خود پیچھے آئیں گی؟

فضا علی نے یہ بھی کہا کہ عدنان صدیقی صاحب! آپ نے پاکستان سمیت پوری دُنیا کی خواتین کو مایوس اور دُکھی کیا ہے، جتنا جلدی ہو سکے ایک ویڈیو پیغام جاری کر کے تمام خواتین سے معافی مانگ لیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عدنان صدیقی نے ایک شو میں شرکت کی تھی جہاں دورانِ گفتگو اُن کا کہنا تھا کہ خواتین اور مکھیوں کی مثال ایک جیسی ہے، آپ جتنا خواتین کے پیچھے بھاگیں گے وہ آپ سے اُتنا ہی دور بھاگیں گی اور جب انسان ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر خاموشی سے بیٹھ جاتا ہے تو خواتین مکھی کی طرح ہاتھ پر آ کر بیٹھ جاتی ہیں۔

بعدازاں عدنان صدیقی نے اپنے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیے جانے پر افسوس کا اظہار بھی کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے