نشو بیگم نے ریمبو اور صاحبہ کی شادی کی مخالفت کیوں کی؟
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صاحبہ نے حال ہی میں اپنے بارے میں کچھ دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
صاحبہ نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہیں خود ہی اپنا انٹرویو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اُنہوں نے اس ویڈیو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کا اصل نام’صاحبہ‘ نہیں بلکہ ’مدیحہ‘ ہے اور ’مدیحہ‘ ایک بہت ہی شرمیلی سی اور اپنے آپ میں گم رہنے والی لڑکی ہے جبکہ ’صاحبہ‘ اس کے بالکل برعکس ہے۔
صاحبہ نے بتایا کہ اگر ریمبو کی ملاقات ’صاحبہ‘ کے بجائے ’مدیحہ‘ سے ہوتی تو شاید وہ مجھ سے کبھی بھی شادی نہ کر پاتے یا پھر ہماری شادی میں کچھ سال کی تاخیر ہو جاتی کیونکہ صاحبہ زندگی کا ہر فیصلہ کرنے میں جلد بازی کرتی ہے جبکہ مدیحہ ہوتی تو شاید ایسا نہ کرتی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میں بہت ضد کر کے اداکارہ بنی، اپنی والدہ کی مخالفت کے باوجود انڈسٹری میں آئی اور انڈسٹری میں آنے کے بعد میں نے اپنی والدہ کو جب یہ بتایا کہ میں 6 سال بعد شادی کرنا چاہتی ہوں تو اُنہیں لگا کہ شاید میں اپنی زندگی میں بالکل بھی سنجیدہ نہیں ہوں اسی لیے یہ صحیح سے فیصلہ نہیں کر پا رہی ہے کہ کام کرنا ہے یا شادی کرنی ہے۔
صاحبہ نے بتایا کہ دراصل میں نے اپنی والدہ سے پہلے یہ کہا تھا کہ میں کام کروں گی تو کم سے کم 10 سال تک شادی نہیں کروں گی کیونکہ اس وقت مجھے لگتا تھا کہ اداکاراؤں کا کیریئر جب عروج پر ہوتا ہے تو ان کو شادی نہیں کرنی چاہیے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ انسان کی سوچ میں بہت تبدیلی آتی ہے اس لیے میری سوچ بھی بدل گئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرے ایسے بچپنے کی وجہ سے میری والدہ ہماری شادی کے خلاف تھیں، وہ چاہتی تھیں کہ میں تھوڑی سمجھدار ہوجاؤں اور کم سے کم بھی 22 یا 23 سال کی ہو جاؤں تو پھر شادی کروں۔
صاحبہ نے یہ بھی بتایا کہ میں نے ضد کر کے شادی بھی کر لی اور مجھے اس پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔