علی عباس کا ماہرہ خان سے یک طرفہ اظہارِ محبت
پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف سینئر اداکار وسیم عباس کے بیٹے اور مقبول اداکار علی عباس نے پاکستانی سُپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان سے یک طرفہ محبت کا اعتراف کیا۔
حال ہی میں اداکار نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیرئیر کے ساتھ ساتھ دیگر دلچسپ امور پر بھی گفتگو کی۔
ان پروگرام میں میزبان و اداکار عمران اشرف نے علی عباس سے سوال کیا کہ آپ میں بہت کشش ہے، آپ خواتین کی توجہ بہت جلد حاصل کرلیتے ہیں، جس کا میں نے خود مشاہدہ کیا ہے کہ اداکاراؤں کو آپ سے انسیت ہوجاتی ہے، جو کسی سے بات نہیں کرتیں وہ آپ سے بات کرتی ہیں آخر اس کی وجہ کیا ہے؟
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے یہ میری لُکس کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ شاید یہ اس لیے ہے کیونکہ میں نے ہمیشہ سے خواتین کا بہت احترام کیا ہے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ جب کوئی مرد کسی خاتون کے لیے دروازہ کھول دے، اس کے لیے کُرسی چھوڑ دے یا ان سے ان کی خیریت پوچھ لے تو ان کے لیے اتنا ہی کافی ہوتا ہے۔
میزبان کے مزید اصرار پر انہوں نے کہا کہ شاید اس کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران، میں رومانوی کردار شدت سے نبھاتا ہوں۔
دوران انٹرویو یک طرفہ محبت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات اب کوئی ڈھکی چھپی نہیں رہی، یہ سب جانتے ہیں کہ میں ماہرہ خان سے یک طرفہ محبت کرتا ہوں اور اس وقت سے کرتا ہوں جب وہ ویڈیو جوکی (وی جے) تھیں اور اس بات کو بھی کوئی 12 سے 13 برس ہوگئے ہیں۔