ملاقات سے قبل صاحبہ کی اپنے والد سے ویڈیو کال پر بات ہوئی تھی: ریمبو کا انکشاف
پاکستانی معروف شوبز انڈسٹری کی ہردلعزیز جوڑی، سابقہ اداکارہ صاحبہ کے شوہر اداکار ریمبو افضال نے انکشاف کیا ہے کہ صاحبہ کی اپنے والد سے پہلی بات چیت ویڈیو کال پر ہوئی تھی۔
حال ہی میں صاحبہ افضال اور ریمبو افضال نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس دوران ریمبو نے صاحبہ اور اُن کے والد کی ملاقات سے متعلق تفصیل سے بات کی ہے۔
ریمبو افضال کا شو کے دوران بتانا تھا کہ اُنہیں رمضان سے ایک مہینہ قبل ایک دن میسج موصول ہوا تھا کہ اگر آپ واقع میں ریمبو ہیں تو میری کال اٹھائیں۔
ریمبو کا بتانا تھا کہ انہوں نے کالز اور میسجز کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کر دیا، پھر اُنہیں میسج موصول ہوا کہ کوئی مجھ سے انعام ربانی سے متعلق بات کرنا چاہتا ہے۔
اس دوران ریمبو کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک بار پتہ کروایا تھا کہ صاحبہ کے والد زندہ ہیں یا نہیں تو ہمیں معلوم ہوا تھا کہ ہو وہ دنیا سے گزر چکے ہیں۔
ریمبو نے کہا کہ انہوں نے یہی سوچا کہ اب کیا فائدہ بات کرنے کا اب کیا بات کرنی ہے، کبھی ملنا تو ہوا نہیں۔
اداکار نے کہا کہ میں نے پھر بھی میسج کرنے والے کو کہا کہ آپ مجھے کال کر لیں، کال پر بات کرنے پر معلوم ہوا کہ انعام ربانی حیات ہیں اور ہماری ویڈیوز دیکھ کر ہمیں یاد کر کے بہت روتے ہیں۔
ریمبو کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے یہ خبر صاحبہ کو دی تو اُن کی اہلیہ کا ردِ عمل میں کہنا تھا کہ رہنے دو، کیا فائدہ بات کرنے کا، مجھے بات نہیں کرنی، اصرار کرنے پر صاحبہ نے اپنے والد سے پہلی بار ویڈیو کال پر کی۔
ریمبو نے شو کے دوران مزید بتایا کہ کال پر بات کرنے پر صاحبہ اور اُن کے والد نے صرف ہیلو بولا اور دونوں رونے لگ گئے، کسی نے کوئی بات نہیں کی بس ایک دوسرے کو دیکھ کر کافی دیر تک دونوں باپ بیٹی روتے رہے۔