بیٹے آزاد کی پیدائش سے قبل 5سال تک حمل ضائع ہونے کی تکلیف سے گزرنا پڑا تھا: کرن راؤ کا انکشاف

—فائل فوٹو 

معروف اداکار و مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی اہلیہ، فلمساز کرن راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ بیٹے آزاد کی پیدائش سے قبل وہ 5 سال تک مسلسل حمل ضائع ہو جانے کی تکلیف سے دو چار رہیں۔

عامر خان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ نے ایک انٹرویو میں اپنے بیٹے آزاد کو خوش آمدید کہنے سے قبل متعدد بار صحت کے مسائل سے دو چار اور حمل ضائع ہو جانے سے متعلق اپنی جدوجہد پر بات کی ہے۔

فلمساز کرن راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ آزاد کی پیدائش، ان ویٹرو فرٹیلائزیشن (IVF) کے ذریعے ہوئی تھی۔

کرن راؤ نے بتایا ہے کہ آزاد کی پیدائش سے قبل وہ اور اُن کے  سابق شوہر عامر خان 5 سال تک اپنے ہاں ننھے کی آمد کے لیے ترستے رہے تھے، انہوں نے متعدد بار حمل ضائع ہو جانے کا دکھ بھی جھیلا۔

ایک بھارتی پورٹل کو انٹرویو دیتے ہوئے کرن راؤ نے  مزید کہا کہ ’جس سال انہوں نے  فلم ’دھوبی گھاٹ‘ بنائی تھی اُسی سال اُن کے ہاں آزاد کی پیدائش ہوئی تھی اور اس سے قبل 5 سال اُنہوں نے اپنی صحت سے متعلق معاملات درست کرتے اور صحت مند طریقے سے ماں بننے کے لیے بہت کوشش کی تھی۔‘

کرن راؤ نے مزید کہا کہ آزاد کی پیدائش کے بعد انہوں نے دوبارہ انڈسٹری میں آنے کے لیے 10 سال کا وقفہ لیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ کام سے وقفے کا مقصد آزاد کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا اور اُس کی بہتر پرورش کرنا تھا، اُنہیں اپنے اس طویل عرصے تک کام سے دور رہنے پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔

کرن راؤ نے کہا ہے کہ اُنہوں نے آزاد کو 10 برسوں تک بھرپور وقت دیا ہے اور اس وقت سے وہ خوب لطف اندوز بھی ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ کرن راؤ کے اس بیان سے قبل، ایک تقریب کے دوران، عامر خان نے بھی اِن ویٹرو فرٹیلائزیشن (IVF) کے ذریعے اپنے بیٹے آزاد کے پیدا ہونے سے متعلق میں بات کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’کرن اور میں دونوں ہی ایک بچہ چاہتے تھے اور جب آزاد پیدا ہوا تو ہم دونوں بہت خوش تھے۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے