سلمان کے گھر کے باہر فائرنگ، تحقیقات میں مزید ہوشربا انکشافات
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے کیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حملہ آوروں کے پاس دو پستول تھے، انہیں 10 راؤنڈز چلانے کے احکامات ملے تھے۔
سلمان خان کے ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع گیلکسی اپارٹمنٹس کے باہر 14 اپریل کو فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔
واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ریاست گجرات سے گرفتار کرلیا تھا، دونوں ملزمان کا تعلق لارنس بشنوئی گروپ سے بتایا جارہا ہے جو سلمان خان کو قتل کرنے کی کوشش کرنے کا اعتراف کرچکا ہے۔
ممبئی پولیس سپر اسٹار کے گھر کے باہر پیش آنے والے اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے جس میں نئے نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ ملزمان کو سلمان خان کے گھر کے باہر 10 راؤنڈز چلانے کے احکامات ملے تھے، انکے پاس دو پستول تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے فائرنگ کے اس واقعے کے بعد ریاست گجرات کے علاقے سورت میں دریائے تاپی میں اپنے پستول پھینک دیے تھے۔