زارا نور عباس کا ماؤں کو اہم مشورہ

اداکارہ زارا نور عباس —فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے حال ہی میں ماں بننے والے تمام خواتین کو صحت کے حوالے سے اہم مشورہ دیا ہے۔

زارا نور عباس نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر  بیٹی نورِ جہاں کی پیدائش کے بعد گھر واپسی پر ہونے والے استقبال کی کچھ جھلکیاں شیئر کی ہیں۔

اُنہوں نےاپنی پوسٹ کے کیپشن میں بیٹی کی پیدائش پر نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک تفصیلی نوٹ لکھا ہے۔

اداکارہ نے لکھا ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد معمول کی زندگی کی طرف واپس آنے یا کسی بھی کام میں جلدی کرنا صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ ہم بچے کی پیدائش کے بعد کے 40 دنوں کی اہمیت کے بارے میں بات نہیں کرتے حالانکہ یہ دن بھی حمل کی طرح بہت اہمیت کے حامل ہیں۔

زارا نور عباس نے لکھا ہے کہ وہ تمام خواتین جو ابھی مائیں بنیں ہیں، خود کے ساتھ کسی بھی قسم کی زبردستی کر کے ایک مضبوط سپاہی بننے کی کوشش نہیں کریں کیونکہ اللّٰہ کے فضل سے اپنے بچے کو پیدا کر کے آپ پہلے ہی ایک مضبوط سپاہی بن چُکی ہیں تو اب تھوڑا آرام کریں۔

اُنہوں نے لکھا کہ کام کرنے کے لیے دوسروں سے ملنے والی مدد قبول کریں، کھائیں پیئیں اور آرام کریں اور لوگوں کی طرف سے ملنے والے وہ مشورے قبول نہ کریں جو آپ کو پسند نہیں ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ اس دوران سب سے اہم آپ کا جسم ہے تو صرف اتنا ہی کام کریں جتنی آپ کے جسم میں ہمت ہے۔

اُنہوں نے اپنے جیسی حال ہی میں ماں بننے والی خواتین کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ آپ کے جسم کو دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لوٹنے میں وقت لگے گا لیکن آپ بالکل ٹھیک ہو جائیں گی کیونکہ آپ ایک ماں ہیں اور ایک ماں بہت باہمت ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے