یہ خواہش کرنا کہ بیٹا اداکار نہ بنے، منافقت نہیں ہے: یاسر حسین
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار یاسر حسین کا کہنا ہے کہ ان کی یہ خواہش کہ بیٹا شوبز انڈسٹری کا حصّہ نہ بنے، منافقت نہیں ہے۔
یاسر حسین نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
شو کے دوران میزبان نے ان سے یہ سوال کیا کہ آپ خود شوبز انڈسٹری کا حصّہ ہیں اور آپ نے شادی بھی ایک اداکارہ کے ساتھ ہی کی ہے لیکن آپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ آپ کی خواہش ہے کہ آپ کا بیٹا اس انڈسٹری میں نہ آئے تو کیا یہ کھلا تضاد نہیں ہے؟
یاسر حسین نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’نہیں میرا یہ خواہش کرنا منافقت نہیں ہے کیونکہ خواہش اور حقیقت میں فرق ہوتا ہے، میری یہ خواہش اس وجہ سے ہے کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ ہماری انڈسٹری میں اداکاروں کے لیے کوئی اچھا کام نہیں ہے‘۔
اُنہوں نے ڈاکٹرز کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’میرا یہ خیال صرف شوبز انڈسٹری کے بارے میں نہیں بلکہ ہر شعبے کے بارے میں ہے جیسے کہ اگر آپ سرجن ہیں اور آپ کو کسی کی سرجری کرنے کی اجازت ہی نہیں دی جاتی تو آپ کا ڈاکٹر یا سرجن بننا بھی بیکار ہے‘۔
اداکار نے کہا کہ ’اگر آپ کو بطور اداکار کام کرنے کا اچھا موقع نہیں دیا جا رہا تو یہ ایک اداکار کی موت ہے‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’آپ ساجد حسن اور ایوب کھوسہ جیسے باصلاحیت اداکاروں کے لیے انڈسٹری میں اچھا کام نہیں ہے تو اسی طرح اگر میرا بیٹا شوبز میں آتا ہے تو اسے بھی اسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا‘۔
یاسر حسین نے کہا کہ ’ایسی صورتحال میں بہتر ہے میرا بیٹا اداکار بننے کے بجائے کہیں میراتھون میں بھاگ لے یا کچھ اور کرلے لیکن اگر وہ بڑا ہوکر شوبز انڈسٹری میں آنا چاہے گا تو میں اسے روکوں گا نہیں یہ تو بس میری خواہش ہے‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’اگر بیٹا بڑے ہوکر اداکار بننا چاہے گا تو بطور والد میں اس کا بھرپور ساتھ دوں گا‘۔