فیصل قریشی نے ڈرامہ ’ظلم’ میں بولے گئے ڈائیلاگز پر معافی مانگ لی
پاکستان کے نامور فنکار فیصل قریشی کو نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’ظلم‘ میں بولے گئے ڈائیلاگز مہنگے پڑ گئے۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک آفیشل اعلامیے میں اداکار فیصل قریشی، نجی ٹی وی چینل اور ڈرامے کے آرگنائزر سے معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بار ایسوسی ایشن نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ اداکار فیصل قریشی کے ڈائیلاگ سے ایک قانونی پیشے کا احترام مجروح ہوا ہے، اس ڈرامے کے خلاف قانونی راستہ بھی لیا جاسکتا ہے۔
اس اعلامیے کے بعد اب اداکار فیصل قریشی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے ڈائیلاگز پر معافی مانگی ہے۔
فیصل قریشی نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ڈرامے کے ڈائیلاگ میں اداکار کی کوئی غلطی نہیں ہوتی، وہ اسکرپٹ کے مطابق ڈائیلاگ بولتا ہے۔
اداکار فیصل قریشی نے مزید کہا کہ اگر ان کے مکالموں سے کسی کو تکلیف پہنچی ہو تو وہ اس پر معذرت کرتے ہیں، وہ آئندہ ایسے ڈائیلاگ ادا کرنے سے بچنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے اپنے مداحوں کو یہ بھی بتایا ہے کہ اس ڈرامے کے بہت سے ڈائیلاگز انہوں نے خود ہی حذف کر دیے تھے، انہوں نے کچھ ڈائیلاگ ادا کرنے سے معذرت کر لی تھی مگر پھر بھی کچھ باتیں رہ جاتی ہیں۔