ڈچ اداکار و گلوکار ڈونی رولوِنک نے اسلام قبول کر لیا
بااثر ڈچ عوامی شخصیت، گلوکار، اداکار و ماڈل ڈونی رولوِنک نے اسلام قبول کر لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 سالہ نوجوان ڈچ اداکار ڈونی رولوِنک نے رواں ماہ 19 اپریل کو ایک مسجد میں اسلام قبول کیا ہے۔
ڈونی رولوِنک کی اسلام قبول کرتے ہوئے کی ویڈیو بھی انسٹاگرام پر وائرل ہے۔
غیر ملکی میڈیا ’دی ٹیلی گراف‘ کے مطابق رولوِنک نے اپنے ایک انسٹاگرام ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ بہت سے لوگوں نے یہ دیکھا ہے کہ میرا کل ایک خاص دن تھا۔‘
رولوِنگ نے مزید کہا کہ ’اس لمحے کی تصاویر آن لائن پوسٹ کی گئیں اور اسے میڈیا میں بڑے پیمانے پر رپورٹ کیا گیا، جب میں لوگوں کے ایک بڑے گروپ کی موجودگی میں ایسا (اسلام قبول) کر رہا تھا۔‘
واضح رہے کہ 2022ء میں اداکار رولوِنگ ڈونی ایک فٹنس کی ویڈیو شوٹنگ کے دوران بری طرح زخمی ہو گئے تھے، ان کی پانچ پسلیاں ٹوٹی تھیں اور پھیپھڑے بھی متاثر ہوئے تھے، اسی سال ان میں کینسر کی بھی تشخیص سامنے آئی تھی۔
ان دونوں واقعات نے ڈونی پر گہرا اثر ڈالا اور انہوں نے مذہب سے متعلق تعلیمات کا آغاز کیا اور آخر کار اسلام سیکھ کر اسے بطور مذہب اپنا لیا۔
ڈونی آج کل دبئی میں موجود ہیں، گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ڈونی نے مسجدوں کا دورہ بھی کیا ہے جس کی ویڈیو وہ اپنے انسٹاگرام پر شیئر کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے حال ہی میں آنے والے رمضان کے ماہ کا بھی بھرپور اہتمام کیا تھا اور قرآن پڑھا تھا۔
واضح رہے کہ پیو ریسرچ سینٹر (Pew Research Centre) ایک تحقیق کے مطابق اسلام دنیا میں سب سے تیزی سے پھیلنے والا مذہب بن گیا ہے۔