راکی 2 میں زخمی ہونے کے بعد سوچا تھا میرا کیریئر ختم ہوگیا، سلویسٹر اسٹیلون
ہالی ووڈ اداکار سلویسٹر اسٹیلون کا کہنا ہے کہ راکی 2 میں زخمی ہونے کے بعد میں نے سوچا تھا کہ میرا کیریئر ختم ہوگیا ہے۔
امریکی اداکار، اسکرین رائٹر، اور ہدایت کار سلویسٹر اسٹیلون اپنی وسیع پیمانے پر مقبول راکی فلم سیریز میں اداکاری کے بعد ایکشن فلموں کے آئیکون بن گئے تھے۔
راکی سیریز نے انہیں جہاں لیجنڈ اداکار بنایا وہیں اس کے پارٹ ٹو کی تیاری کے دوران ایک حادثے نے انہیں شدید دھچکا بھی پہنچایا تھا، جس کا اظہار انہوں نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بھی کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فلم کی تیاری کے دوران وہ باڈی بلڈر فرانکو کولمبو کے ساتھ فلم کے آغاز سے صرف 6 ہفتے پہلے ٹریننگ سیشن کر رہے تھے کہ انہیں انجری کا سامنا کرنا پڑگیا، وہ 200 پاؤنڈ وزن اٹھاتے ہوئے گر گئےتھے، جس کے بعد کولمبو نے ان کے خوفزدہ ہونے کی تصدیق بھی کی تھی۔
ان کے ساتھ اس سے زیادہ برا نہیں ہو سکتا تھا۔ اسٹالون نہ صرف خود فلم راکی کے سیکیول راکی 2 میں جلوہ گر ہونے والے تھے بلکہ انہوں نے اس کی ہدایت کاری بھی کرنی تھی۔ سلویسٹر نے اس حادثے سے فلم کو متاثر نہیں ہونے دیا اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالا، انہوں نے فلم کی کہانی کو دوبارہ لکھا جس میں مرکزی کردار راکی بالبوا کو دائیں ہاتھ سے لڑتے ہوئے دکھایا۔
یاد رہے کہ 1976 میں راکی فلم ریلیز ہوئی تھی جسے سلویسٹر اسٹیلون نے خود تحریر کیا تھا اور اس کے حصے میں بہترین ڈائریکٹر اور فلم سمیت 3 آسکر بھی آئے تھے۔