میں بریانی نہیں ہوں جو ہر ایک کو خوش رکھ سکوں: حنا رضوی

حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستانی اداکارہ حنا رضوی نے زائد العمری میں شادی اور بڑھے ہوئے وزن کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو منہ توڑ جواب دے دیا۔

گزشتہ دنوں اداکارہ حنا رضوی نے اپنے شوہر عمار احمد خان کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی شادی اور اُن پر تنقید کرنے والوں سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔

خیال رہے کہ چند دن قبل ہی سوشل میڈیا انفلوئنسر عمار احمد خان اور میڈیم سنگیتا کی چھوٹی بہن و اداکارہ حنا رضوی شادی کے بندھن میں بندھے ہیں، ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی ہیں۔

ان وائرل تصاویر اور ویڈیوز پر صارفین کی جانب سے اداکارہ کی زائد العمری میں شادی اور بڑھے ہوئے وزن کی وجہ سے کڑی تنقید بھی کی گئی، جس کا انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی برملا جواب دیا۔

تاہم اب انہوں نے نجی چینل کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے بھی شادی کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور ساتھ ہی ناقدین کو بھی کرارا جواب دیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صرف تین چار جعلی اکاؤنٹ ہیں، جو توجہ کے لیے ہر پوسٹ پر اس طرح کے کمنٹس کر رہے ہیں، جن کا سوشل میڈیا پر بھی جواب دیا ہے۔ جنہیں میں بُری لگتی ہوں یہ ان کا مسئلہ ہے، میں بریانی نہیں ہوں جو ہر ایک کو خوش رکھ سکوں۔

اداکارہ نے کہا کہ میں نے صارفین کو اس لیے جواب دیئے کیونکہ میں آج تک اپنے کیرئیر اور دین کو ساتھ لے کر چلی ہوں، کبھی نامناسب لباس زیب تن نہیں کیا، اپنی ثقافت کا خیال رکھا، جتنا ممکن ہوسکے اتنا دین پر چلنے کی کوشش کرتی ہوں۔ اس کے باوجود چند لوگ صرف توجہ حاصل کرنے کے لیے مجھ پر تنقید کر رہے ہیں۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے حنا رضوی نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ میری کسی ایسے شخص سے شادی ہو جو مجھے سمجھ سکے، ہماری ذہنی ہم آہنگی ہوسکے۔

حنا رضوی کے مطابق اچھائی برائ سب میں ہوتی ہے لیکن شادی کے لیے انسان کا باکردار ہونا، تعلیم یافتی ہونا، باشعور ہونا ضروری ہے۔

انفلوئنسرعمار احمد خان نے بات کو مکمل کرتے ہوئے کہا کہ آج کل لوگوں نے شادی کے لیے غیر حقیقی معیار طے کر لئے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق لوگ بھول گئے ہیں انسان کسی فیکٹری میں نہیں بن رہے بلکہ اللہ تعالیٰ کی تخلیق ہیں۔ تنقید کرتے وقت زبان کا بھی خیال نہیں کرتے، غیر اخلاقی زبان استعمال کرتے ہیں اور پھر شادی کی کامیابی و ناکامی کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہیں اور وہ بھی نوبیاہتا جوڑے کی تصاویر پر جو انہوں نے شادی کے دن یا اگلے دن ہی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے