ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار ہوں، تھراپی کیلئے جاتی ہوں: سدرہ نیازی

پاکستان شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ سدرہ نیازی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار ہیں اور ان مسائل کے حل کے لیے تھراپی بھی لیتی ہیں۔

سدرہ نیازی نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی کم عمری میں شادی کا انکشاف کرنے کے ساتھ ساتھ یہ اعتراف بھی کیا انہیں ذہنی صحت کے مسائل درپیش ہیں گوکہ وہ اتنے سنگین نہیں ہیں۔

اداکارہ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اس حوالے سے پہلے کبھی بات نہیں کی ہے لیکن میں کبھی کبھار تھراپی لیتی ہوں، جو مجھے بہت مددگار ثابت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ذاتی تجربے سے کہتی ہوں کہ ہر انسان کو ضرورت محسوس ہونے پر تھراپی کے لیے جانا چاہئے۔ تھراپی کے لیے جانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ پاگل ہیں یا آپ کے ساتھ کوئی سنگین ذہنی مسائل درپیش ہیں بلکہ عام زندگی کے مسائل کی صورت میں بھی کسی ماہر کی مدد طلب کرلینی چاہئے۔

اداکارہ کے مطابق ہر کسی کے پاس کوئی نہ کوئی ایک ایسا ضرور ہونا چاہئے جس کے پاس مدد کے لیے جاسکیں، کیونکہ ایک وقت ایسا ضرور آتا ہے آپ کو یوں لگتا ہے کہ آپ کے تھراپیسٹ جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ ہمیں معلوم ہے لیکن پھر بھی ہمیں ان کی مدد طلب کرنی چاہئے کیونکہ ان کے بتانے سے ہی وہ باتیں ہمارے ذہن میں تازہ ہوجاتی ہیں اور ضرورت کے وقت انہیں اپنے روز مرہ کے روٹین میں شامل کرلیتے ہیں۔

سدرہ نیازی نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کب سے ذہنی مسائل کا شکار ہیں اور کب سے تھراپی لینا شروع کی تاہم انہوں نے یہ بتایا کہ وہ اب بھی کبھی کبھار جب ضرورت محسوس ہوتی ہے تو اپنی تھراپیسٹ کے پاس تھراپی لینے چلی جاتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے