نوکری کے جھانسے میں آکر ہزاروں پاکستانی لٹ گئے
لندن(دوست نیوز)برطانیہ میں نوکری کے جھانسے میں آکر ہزاروں پاکستانی لٹ گئے اور ان پاکستانیوں کی زندگیاں بربادہوگئیں۔برطانیہ میں کئی ریکروٹمنٹ ایجنٹس اور نجی کیئر ہومز انڈیا، نائجیریا، فلیپین اور پاکستان سے لوگوں کو ملازمتوں کے لیے ورک پرمٹ پر بلوا رہے ہیں اور اس کے عوض بھاری رقوم بٹور رہے ہیں لیکن برطانیہ پہچنے پر کئی لوگوں کو معلوم ہوتا ہے کہ نوکری ہے نہ کیئر ہوم۔ یہ ایک گلوبل نیٹ ورک ہے جو برطانیہ میں ایسے بہت سے سٹوڈنٹس سے بھی لاکھوں پاؤنڈ اینٹھ چکا ہے جو ورک پرمٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ہزاروں پاکستانی اپنے ملک میں اپنے ذاتی اثاثے بیچ کر اور کئیوں نے اپنی زندگی کی جمع پونجی دیکراور بعض قرضے اٹھا کربرطانیہ حسین خواب سجا کر آئے مگر پتہ چلا کہ سب جھوٹ اور سراب تھا۔برطانیہ آکر پتہ چلا کہ ریکروٹمنٹ ایجنٹس نے جھوٹ بولا اور یہاں کوئی نوکری ہی نہیں،نجی کیئر ہومز کا خواب بھی جھوٹ نکلا۔برطانیہ پہنچ کر نہ کوئی دفتر،نہ کوئی نوکری اورنہ نجی کیئر ہومز ہیں اور ذاتی طور پر رہائش ملنا بھی محال ہے۔بعض لوگ اس فراڈ پر بیحد پریشان ہیں اور ہوم ڈیپارٹمنٹ نے انہیں ساٹھ دن میں ملک چھوڑنے کا آرڈر دیدیا ہے۔جھوٹے خواب دکھانے والے لیٹرے مافیا کے ہاتھوں لٹنے والے اب زندگی کے کٹھن دور سے گذر رہے ہیں۔کیئر ورکرز کے ویزوں پر آنیوالوں کو ملک سے جانے کا کہہ دیا گیا۔ماضی میں حکومت کئی کیئر ہومز کو بند بھی کیا ہے۔