چاونڈہ: چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ، ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر (تمغۂ خدمت) نے کہا ہے کہ چاونڈہ اور سیالکوٹ کے غیور اور بہادر عوام نے 1965ء کی جنگ میں پاک فوج کے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کو شکستِ فاش دی۔ چاونڈہ کے عوام کی جرات، بہادری اور عزم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

وہ یومِ دفاع پاکستان کے سلسلے میں یادگارِ شہداء، چاونڈہ میں منعقدہ ایک عظیم الشان اجتماع سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کی میزبانی چیئرمین یورپ پاک فرینڈشپ فیڈریشن جرمنی، گوہر مجید باجوہ نے کی۔ تقریب میں آمد پر گوہر مجید باجوہ نے ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر کا پرتپاک استقبال کیا۔

ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ پاکستان کی بہادر، پیشہ ور اور جری افواج، بشمول پاک آرمی، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے 10 مئی 2025ء کو بھی دشمن کو بھرپور جواب دیتے ہوئے شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، قومی جذبے اور مضبوط قیادت کا مظہر ہے۔

انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چیف آف ڈیفنس فورسز کو وائٹ ہاؤس میں خصوصی ظہرانے پر مدعو کیا جانا بھی پاکستان کی عسکری قیادت کے عالمی وقار اور اہمیت کا واضح اظہار ہے۔

ڈاکٹر لوہسر نے کہا کہ سیالکوٹ اور چاونڈہ کے بہادر عوام آج بھی اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور اگر کسی بزدل دشمن نے اس جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو عوام ایک مرتبہ پھر پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر مادرِ وطن کا دفاع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج وقت کی ضرورت ہے کہ منفی سوچ کو مثبت سوچ میں بدلا جائے اور پاکستان کے عوام بالخصوص نوجوان نسل کے ذہنوں میں اپنی مسلح افواج کے حوالے سے مثبت اور تعمیری سوچ کو فروغ دیا جائے۔ پاک افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کی ضامن ہیں اور قوم کو ان کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔

ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ گوہر مجید باجوہ جیسے مخلص، دیانتدار اور باکردار نوجوان اس امر کی بہترین مثال ہیں کہ نوجوان نسل اپنے علاقے کے عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر بھی مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔

پروگرام سے قبل ڈاکٹر پرویز لوہسر نے یاد گار شہدا پر حاضری دی اور عظیم شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
ممبر پنجاب اسمبلی خالد اصغر گھرال نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر نے شرکاء کے ہمراہ پُرجوش انداز میں “پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے، جس سے پورا پنڈال نعروں سے گونج اٹھا۔
