اپنے پالتو کتے کو قانونی طور پر سعودی عرب کیسے لایا جائے – تمام ضروری معلومات
اگر آپ اپنے کتے کے ساتھ سعودی عرب منتقل ہونے والے ہیں اور مقامی ضوابط اور طریقہ کار کے بارے میں فکر مند ہیں تو اپنے پیارے دوست کو مملکت میں لانے سے پہلے چیک کرنے والی ان تمام چیزوں کی فہرست یہاں دی گئی ہے۔
اگرچہ سعودی عرب میں کتوں یا بعض پالتو جانوروں کو رکھنے پر کوئی قانونی پابندی نہیں ہے لیکن مسلمان عموماً اپنے گھروں کے اندر کتوں کو رکھنے سے گریز کرتے ہیں الا یہ کہ حفاظتی مقاصد کے لیے ہوں۔
ملک میں پالتو جانور کے طور پر کتے، بلیوں اور پرندوں کی عموماً اجازت ہے۔
کتوں سے محبت کرنے والے لوگ پالتو جانوروں کے لیے دوستانہ کتوں کے کیفے اور پاز سوسائٹی جیسے اقدامات سے مملکت میں بہت سی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ گذشتہ سال سعودی عرب نے بھی ریاض سیزن میں کتوں کے میلے کا انعقاد کیا جس میں 250 سے زائد کتوں نے مختلف کیٹیگریز میں مقابلہ کیا جن میں ایک مقابلہ حسن، سالوکی ریس، آئی جی پی اور چستی شامل تھیں۔
اپنے کتے کو سعودی عرب میں لانے کے لیے نسل سے قطع نظر تین میں سے کسی ایک زمرے میں اس کی درجہ بندی کرنا ضروری ہے: واچ ڈاگ، گارڈ کتے، یا شکاری کتے۔کتوں کی بعض نسلوں بشمول پٹ بلز، ڈوبرمینز اور روٹ ویلرز کو سعودی عرب میں اجازت نہیں ہے۔ سفر کے انتظامات کرنے سے پہلے ممنوعہ نسلوں اور اقسام کی فہرست کو چیک کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔
ممنوعہ نسلوں کو درآمد کرنے کی کوئی بھی کوشش ضبطی، جرمانے اور قانونی کارروائی کا باعث بن سکتی ہے۔
اہم نکتہ: اپنے مطلوبہ رہائشی علاقے میں دستیاب رہائش کے اختیارات دیکھیں جو پالتو جانوروں کی اجازت دیتے ہوں۔ یہ آپ کے سالانہ بجٹ میں مختصر اور طویل مدتی اخراجات شامل کرنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔
اپنے کتے کو سعودی عرب کیسے لائیں؟
اپنے پالتو کتے کو کامیابی کے ساتھ سعودی عرب لانے کے لیے حکومت نے مخصوص شرائط رکھی ہیں جن کی فہرست مملکت کے سفارت خانے نے آن لائن شائع کی ہے۔
امپورٹ پرمٹ (درآمد کا اجازت نامہ)
سعودی عرب پہنچنے سے پہلے آپ کے پالتو جانوروں کے لیے ریاض میں زرعی ڈائریکٹوریٹ سے درآمدی اجازت نامہ درکار ہے۔ اجازت نامہ اپنے آبائی ملک سے حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
امپورٹ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے کئی دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے بشمول ریبیز کے لیے ویکسینیشن کا درست سرٹیفکیٹ، پاسپورٹ کی کاپی اور آپ کے پالتو جانور کی مائیکرو چِپ رجسٹریشن کی کاپی۔ پالتو جانوروں کی نقلِ مکانی کرنے والی کمپنیاں اس عمل میں مدد کے لیے دستیاب ہیں۔
ویٹرنری ہیلتھ سرٹیفکیٹ (جانور کی صحت کا سرٹیفکیٹ)
ایک ڈاکٹر کو سعودی عرب کے سفر کے 30 دنوں کے اندر صحت کا سرٹیفکیٹ جاری کرنا چاہیے جس میں کہا جائے کہ پالتو جانور کا معائنہ کیا گیا ہے، تمام ممکنہ بیماریوں کے لیے ویکسین لگائی گئی ہے اور اس کی صحت اچھی ہے۔
سرٹیفکیٹ کو متعلقہ طبی حکام، وزارتِ خارجہ اور آپ کے آبائی ملک میں سعودی سفارت خانے سے تصدیق شدہ ہونا چاہیے۔
آپ کے پالتو جانوروں کی سعودی عرب کے لیے پرواز
سعودی عرب ایئر لائنز سعودیہ پالتو کتوں کی منتقلی کی اجازت دیتی ہے جب وہ پنجروں میں رکھے گئے ہوں اور ان کے ساتھ صحت کا سرٹیفکیٹ بھی ہو جس میں کہا جائے کہ وہ بیماریوں سے پاک ہیں اور ملک کے اندر یا پورے ملک میں لے جانے کے اہل ہیں۔
کسٹم ڈیکلریشن فارم (اقرار نامہ)
آپ کے کتے کے مملکت میں آنے کے بعد اسے ایئرپورٹ آمد پر سعودی سامان ڈپو سے لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ کو کسٹم ڈیکلریشن فارم پُر کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔