مئی 2025ء میں بھی پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے، بھارتی فوج کو سفید جھنڈا لہرانا پڑا
قوم اپنی مسلح افواج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو: ڈاکٹر لوہسر

سیالکوٹ: چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ، ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر (تمغۂ خدمت) نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر، محبِ وطن اور پیشہ ور مسلح افواج نے 1965ء میں بزدل بھارتی فوج کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے بہادر عوام نے بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
وہ سیالکوٹ میں Spry Sports کے زیر اہتمام یومِ دفاع کے سلسلے میں منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ بھارت نے مئی 2025ء میں ایک مرتبہ پھر پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیت اور عزم کو آزمانے کی کوشش کی، تاہم پاکستان آرمی، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قومی جذبے سے دشمن کو بھرپور جواب دیا اور بھارتی فوج کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کی موجودہ قیادت اور چیف آف ڈیفنس فورسز (CDF) کی دانشمندانہ قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج کے قومی اور بین الاقوامی تشخص میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ہماری افواج ملک و قوم کے دفاع اور سلامتی کے لیے دن رات خدمات انجام دے رہی ہیں۔
ڈاکٹر لوہسر نے کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج کی قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہیے اور ان کے لیے دل سے شکر گزار ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی شہید فوجی کی میت تابوت میں اس کی ماں کے پاس پہنچتی ہے تو وہ غم کے باوجود اپنے بیٹے کی قربانی پر فخر محسوس کرتی ہے اور کہتی ہے کہ اگر میرے مزید بچے بھی ہوتے تو میں انہیں بھی وطن پر قربان کرنے سے دریغ نہ کرتی۔ یہ جذبہ ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے اس فیصلہ کن مرحلے میں پوری قوم کو اپنی افواج کے ساتھ متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔ ہماری مسلح افواج صرف ملک کی جغرافیائی سرحدوں کا دفاع نہیں کر رہیں بلکہ وہ پاکستان کی نظریاتی اقدار، قومی سلامتی اور خودمختاری کا بھی تحفظ کر رہی ہیں۔
چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ نے کہا کہ موجودہ حالات میں منفی پروپیگنڈے کے بجائے مثبت سوچ اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ وقت اپنی بہادر اور جری افواج کی حوصلہ افزائی اور ان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرنے کا ہے۔
تقریب کا اہتمام ڈرائیکٹر Spry Sports ندیم غلام گِل اور شمس گل نے کیا۔
تقریب سے پنجاب اسمبلی کے رکن خالد اصغر گھرال نے بھی خطاب کیا اور ملکی دفاع، قومی یکجہتی اور پاک افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
چوہدری حسن لوہسر اور اٹلی سے اوورسیز پاکستانی افضال گوندل نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
بلجئیم سے اوورسیز پاکستانی عظیم ڈار اور نعیم ڈار نے خصوصی شرکت کی۔
چیئرمین تحریک آزادی کشمیر یورپ راجہ حسنین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر نے شرکاء کے ہمراہ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاکستان آرمی زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے پورا پنڈال نعروں سے گونج اٹھا
