بارسلونا(پ ر)تفصیلات کے مطابق راہنما پاکستان تحریک انصاف و ممبر صوبائی اسمبلی چودھری شاہد رضا کوٹلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گجرات میں معصوم بچیوں کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات انتہائی تشویشناک اور لمحۂ فکریہ ہیں۔ ڈنگہ اور جلالپور جٹاں کے بعد گلیانہ میں تین سالہ معصوم ارمش زہرہ کے قتل کے افسوسناک واقعے نے ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل کو سوگوار کر دیا ہے۔
چودھری شاہد رضا کوٹلہ نے کہا کہ ڈی پی او گجرات اور سی سی ڈی ضلع گجرات سنگین واقعات کی روک تھام اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک کے بعد دوسرا افسوسناک واقعہ رونما ہونا پولیس کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ معصوم بچوں کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ڈی پی او گجرات اور سی سی ڈی ضلع گجرات کو اپنی کارکردگی کا جواب عوام کے سامنے دینا ہوگا کہ ضلع میں معصوم بچوں کے خلاف سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے کیا مؤثر اقدامات کیے گئے؟ اگر جرائم پیشہ عناصر بلا خوف وارداتیں کرتے رہیں تو پھر پولیس کے گشت، انٹیلی جنس نظام اور تفتیشی کارکردگی پر سوال اٹھنا فطری امر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گجرات پولیس کی ترجیحات پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پولیس کا بنیادی فرض سیاسی اثر و رسوخ سے بالاتر ہو کر عام شہریوں، خصوصاً بچوں اور خواتین کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ عوام اپنے گھروں میں بھی خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگیں تو یہ انتظامیہ اور پولیس دونوں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔
چودھری شاہد رضا کوٹلہ نے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ڈی پی او گجرات اور سی سی ڈی ضلع گجرات کی کارکردگی کا فوری جائزہ لیا جائے، گجرات میں بچوں کے خلاف جرائم کے تمام واقعات کی اعلیٰ سطحی نگرانی میں تحقیقات کرائی جائیں اور جہاں بھی غفلت یا کوتاہی ثابت ہو وہاں ذمہ دار افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم ارمش زہرہ سمیت تمام متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے ساتھ ساتھ ایسے واقعات کے مستقل تدارک کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ کسی گھر کا چراغ اس طرح نہ بجھے
