دشت میں نیشنل پارٹی کے سینیٹر کہدہ اکرم کے قافلے پر فائرنگ

گاڑی میں پارٹی کے پی بی 27 دشت کے امیدوار لالا عبدالرشید اور سینیٹر کہدہ اکرم دشتی سوار تھے: فوٹو سوشل میڈیا

بلوچستان کے ضلع کیچ میں نیشنل پارٹی کے قافلے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، گاڑی کو گولیاں لگی ہیں، سینیٹر کہدہ اکرم اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار محفوظ رہے۔

اسسٹنٹ کمشنر دشت عبدالحمید کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دشت کے علاقے میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے ہیں، گولیاں گاڑی کی ونڈ اسکرین کو لگی ہیں تاہم رہنما محفوظ رہے ہیں۔

ترجمان نیشنل پارٹی جان بلیدی کے مطابق گاڑی میں پارٹی کے پی بی 27 دشت کے امیدوار لالا عبدالرشید اور سینیٹر کہدہ اکرم دشتی سوار تھے جو انتخابی مہم کے سلسلے میں دشت کڈان گئے تھے، گاڑی پر فائرنگ ہوئی ہے تاہم گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے پارٹی رہنما محفوظ رہے۔

مرکزی صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کیچ کے علاقے دشت میں پارٹی رہنماؤں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے اور حالات خراب کرنے کی کوشش ہے، حکومت سیاست دانوں اور ورکرز کو تحفظ دینے کیلئے اقدامات کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے