امریکا کا بلوچستان کے مہر گڑھ میوزیم کیلئے 3 لاکھ ڈالر سے زائد دینے کا اعلان
امریکا نے بلوچستان کے مہر گڑھ میوزیم کیلئے 3 لاکھ 20 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے پہلے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق 3 لاکھ 20 ہزار ڈالر سے زائد رقم مہر گڑھ میوزیم کی تزئین و آرائش پر خرچ کی جائےگی۔
اسلام آباد سے ترجمان امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکی گرانٹ سے میوزیم کا ڈسپلے بہتر بنایا جا سکے گا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کی ثقافتی میراث پر امریکا کی جانب سے اہمیت دینا تاریخ سے گہری وابستگی کے عزم کو واضح کرتا ہے۔
سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق امریکا نے پاکستان بھر میں ثقافتی ورثے کے 33 منصوبوں کیلئے 80 لاکھ ڈالر سے زائد فنڈ مختص کیا ہے۔ جس میں سندھ میں ورون دیو مندر، فریئر ہال، نسروانجی بلڈنگ، سلطان ابراہیم اور امیر سلطان محمد کے مقبروں کی بحالی شامل ہے۔