مومن ثاقب کی مداحوں کیلئے موٹیویشنل ویڈیو
پاکستانی اداکار و یوٹیوبر مومن ثاقب نے نئے سال کے آغاز پر اپنے مداحوں کو زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ایک اہم مشورہ دیا ہے۔
مومن ثاقب نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے فالوورز کے لیے ایک موٹیویشنل ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں ان کے گزشتہ سال کی کامیابیوں کے سفر کی کچھ جھلکیاں دیکھی جاسکتی ہیں اور ساتھ ہی اُنہیں یہ بتاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ اُنہوں نے کامیابیوں کا یہ سفر کیسے ممکن بنایا۔
مومن ثاقب نے ویڈیو کے آغاز میں بتایا کہ میں پچھلے سال کی طرح اس سال بھی امریکی فلسفی رالف والڈو ایمرسن کے ایک قول پر عمل کر رہا ہوں جسکا مطلب یہ ہے کہ’انسان کے پاس اپنی تقدیر خود بنانے کی طاقت ہے‘۔
اُنہوں نے یہ بات اپنے فالوورز کو سمجھانے کے لیے پچھلے سال اپنی زندگی میں حاصل ہوئی کچھ کامیابیوں کا حوالہ دیا۔
مومن ثاقب نے بتایا کہ میں نے پچھلے سال بطور میزبان ٹیلویژن پر ڈیبیو دیا اور کامیابی کے ساتھ اپنے شو’حد کردی‘ کی 100 اقساط ریکارڈ کیں اور میرے اس شو کو آپ سب لوگوں نے بہت پسند بھی کیا اس لیے آپ سب کا شکریہ لیکن میری توجہ صرف ٹیلی ویژن پر مرکوز نہیں تھی اور مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ کھانے کے بھی سب لوگ بہت شوقین ہیں اس لیے میں نے پارٹنر شپ پر لاہور میں ایک ریسٹورینٹ بھی کھولا۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرا سفر یہیں پر ختم نہیں ہوا بلکہ میں نے لاہور میں انوویٹرز کے لیے پارٹنرشپ پر ایک بلاک چین بیسڈ کو ورکنگ اسپیس کا بھی آغاز کیا۔
مومن ثاقب نے کہا کہ اس دوران میں نے اپنی صحت کو بھی بالکل نظر انداز نہیں کیا اور میں اس بات پر بھی یقین رکھتا ہوں کے انسان ترقی کی منازل کامیابی سے صرف اسی صورت حاصل کرسکتا ہے جب وہ اپنے علم میں مسلسل اضافہ کرتا رہے اس لیے میں نے لندن کے کنگز کالج سے گلوبل لیڈرشپ اینڈ پیس بلڈنگ میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کرنے کا فیصلہ کیا اور خوش قسمتی سے مجھے یہ ڈگری حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپ بھی مل گئی۔
اُنہوں نے اپنے فالوورز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں یہ سب آپ لوگوں کو اس لیے بتا رہا ہوں تاکہ آپ لوگوں کو یہ سمجھا سکوں کہ انسان اپنی تقدیر خود بنا سکتا ہے لیکن اس کے لیے آپ کو مشکل حالات کا سامنا کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا بلکہ ویسے ہی جیسے میں نے کیا۔
مومن ثاقب نے اپنی ویڈیو کے آخر میں کہا کہ اگر میں اتنا سب کچھ کرسکتا ہوں تو سب کر سکتے ہیں اور ایک بات یاد رکھیں کہ زندگی میں کامیابیوں کے سفر کے دوران اگر آپ دنیا کو اپنے سے کمزور انسانوں کے لیے ایک بہتر جگہ نہیں بنا رہے تو آپ کو اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔