عبدالحنان کی معاہدے کیخلاف ورزی کرنیوالوں کو وارننگ
معروف پاکستانی گلوکار عبدالحنان نے معاہدوں کی خلاف ورزی کرنے والوں اور گلوکاروں کے ساتھ غیر پیشہ وارانہ رویہ اختیار کرنے والوں کو وارننگ دے دی۔
عبدالحنان نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایونٹ کے منتظمین، پروموٹرز، اسکولز کے منتظمین اور ایسے تمام لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے ایک تفصیلی نوٹ شیئر کیا ہے جو گلوکاروں کو اپنی نجی تقریبات میں پرفارمنس کے لیے مدعو کرنا چاہتے ہیں۔
اُنہوں نے اپنے نوٹ میں گلوکاروں کے ساتھ کیے جانے والے معاہدوں کی خلاف ورزی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر اور غیر پیشہ وارانہ رویے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالے سے گلوکار نے مختلف جگہوں پر پرفارمنس کے لیے کیے معاہدوں میں اپنی ٹیم کو درپیش مختلف مسائل پر روشنی بھی ڈالی۔
عبدالحنان نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہمارا ایک ایونٹ پہلے سے شیڈیول ہے تو دوسرے ایونٹ کے لیے ہم سے رابطہ کرنے والے ہم پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں کہ ہم پہلے والا ایونٹ منسوخ کردیں۔
اُنہوں نے گلوکاروں پر اس طرح کا دباؤ ڈالنے والے افراد کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے حقوق کے حصول کے لیے یا پھر ایسی کسی بھی ناگوار صورتحال میں ضروری ہوا تو قانونی راستہ استعمال کرنے میں دریغ نہیں کریں گے۔
عبدالحنان نے اپنے نوٹ میں یہ بھی لکھا کہ براہ کرم، موسیقاروں کو ہلکا نہ لیں، میں ان سب لوگوں سے بہت محبت کرتا ہوں جو مجھے سپورٹ کرتے ہیں اور ان سب ہی لوگوں کا شکر گزار ہوں جو مجھے پرفارمنس کے لیے مدعو کرتے ہیں۔